ایئر انڈیا کے ’برے دن‘ : وزیراعظم مودی 134 کروڑ باقی

جون اور ڈسمبر 2015ء کے درمیان چارٹرڈ فلائٹس کیلئے ادائیگی ہنوز باقی
نئی دہلی ، 29 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم کا دفتر (پی ایم او) ایئر انڈیا کو 134 کروڑ روپئے اُن چارٹرڈ فلائٹس کیلئے واجب الادا ہے ، جن کے ذریعے نریندر مودی نے جون اور ڈسمبر 2015ء کے درمیان سفر کیا، ذرائع ابلاغ کے ادارہ ’دی کوئنٹ‘ کو محصلہ آر ٹی آئی کاپی سے یہ انکشاف ہوا ہے۔ 29 جنوری 2016ء کو ایئر انڈیا کو 147.90 کروڑ روپئے کی بڑی ادائیگی اُن 8 بیرونی اسفار کیلئے حاصل ہوئی جو سابق وزیراعظم منموہن سنگھ اور اُن کے جانشین مودی نے سپٹمبر 2013ء اور نومبر 2014ء کے درمیان کئے۔ تمام دیگر سفروں کیلئے ایئر انڈیا نے بل تیار کیا ہے لیکن پی ایم او کی طرف سے اس کی ادائیگی ہنوز باقی ہے۔ آر ٹی آئی جہدکار کموڈور لوکیش بترا نے کہا کہ یہ ایئرلائن مالیہ کی قلت سے دوچار ہے، اور منافع میں نہیں چل رہی ہے۔ اس طرح کے بلوں کی یکسوئی کیلئے ملک کے اعلیٰ ترین عہدہ کی طرف سے کیوں اتنی تاخیر ہوئی ہے؟ تاخیر کی وجہ سے عائد ہونے والا سود کون برداشت کرتا ہے؟ آر ٹی آئی جہدکار نے مزید کہا کہ واجب الادا رقم سے کہیں بڑھ کر ادائیگیوں میں تاخیر بڑی تشویش کی بات ہے۔ پی ایم او کو اس پر سود کی ادائیگی کے ذریعے تاخیر کی تلافی کرنا چاہئے۔