آئیوری کوسٹ کافٹبالر پیرس میں گرفتار

پیرس ۔31 مئی (سیاست ڈاٹ کام) افریقی ملک آئیوری کوسٹ کے بین الاقوامی فٹبالر سرگے اوریئر کو فرانس کے دارالحکومت پیرس میں پولیس نے گرفتار کر لیا ہے۔23 سالہ کھلاڑی فرانس کے فٹبال کلب پیرس سینٹ جرمین کی نمائندگی کرتے ہیں اور مبینہ طور پر ان کی پولیس کے ساتھ تلخ کلامی ہوئی۔ یہ واقعہ پیرس کے چیمس الیسیس علاقے میں اس وقت پیش آیا جب وہ ایک نائٹ کلب سے جارہے تھے۔ان کے کلب پیرس سینٹ جرمین نے کہا ہے کہ وہ اس واقعہ پر کسی قسم کا بیان دینے سے قبل مزید تفصیلات کا انتظار کریں گے۔خیال رہیکہ فروری میں سرگے اوریئر کو ایک ویڈیو آن لائن پوسٹ کرنے پر ان کے کوچ لوراں بلانک نے انھیں مختصر مدت کیلئے معطل کر دیا تھا۔ اس ویڈیو میں انھوں نے بلانک اور کلب کے ساتھی کھلاڑیوں زلاتان ابراہمووچ اور اینجل ڈی ماریا سمیت دیگر کھلاڑیوں کا تمسخر اڑایا تھا۔ سرگے اوریئر آئیوری کوسٹ کی  فٹبال ٹیم کی 31 میچوں میں نمائندگی کر چکے ہیں اور 2015 سے فرانسیسی کلب پیرس سینٹ جرمین کے ساتھ منسلک ہیں۔

 

اینڈرسن نے اشون سے نمبرایک مقام چھین لیا
دوبئی ۔ 31مئی ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) انگلینڈ کے فاسٹ بولر جیمس اینڈرسن نے سری لنکا کیخلاف دوسرے ٹسٹ میں 9 وکٹیں حاصل کرتے ہوئے نہ صرف انگلش ٹیم کی کامیابی میں کلیدی رول ادا کیا بلکہ اس مظاہرے کے ذریعہ آئی سی سی کی ٹسٹ درجہ بندی میں 884 نشانات کے ذریعہ ہندوستانی آف اسپنر روی چندرن اشون سے پہلا مقام حاصل کرلیا ہے۔ اینڈرسن اور اشون میں اب 13 نشانات کافرق ہے جیسا کہ ہندوستانی بولر 871 نشانات کے ذریعہ دوسرے مقام پر پہونچ گئے ہیں۔ سرفہرست 10 بولروں میں رویندر جڈیجہ 789 نشانات کے ذریعہ اپنا چھٹا مقام برقرار رکھنے میں کامیاب ہیں۔