اُردو یونیورسٹی میں 26 نومبر کو شروعات بس کی آمد،مختار عباس نقوی مہمانِ خصوصی

حیدرآباد، 22؍ نومبر (پریس نوٹ) مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی میں 26؍ نومبر 2017 کو ’’شروعات بس‘‘ کی آمد ہوگی۔ اس سلسلہ میں ایک پروگرام اوپن ایئر تھیئٹر میں 10 بجے دن منعقد کیا جارہا ہے۔ اس موقع پر جناب مختار عباس نقوی، وزیر اقلیتی بہبود، حکومت ہند، مہمانِ خصوصی ہوں گے اور لیفٹننٹ جنرل (ریٹائرڈ) سید عطا حسنین، وزیٹنگ فیلو، ویویکانندا انٹرنیشنل فائونڈیشن (نئی دہلی)، جناب شیو وکرم کھیمکا، صدر نشین، گلوبل ایجوکیشن اینڈ لیڈر شپ فائونڈیشن مہمانانِ اعزازی ہوں گے۔ جناب ظفر سریش والا، چانسلر، مانو صدارت کریں گے۔ اس بس کا سفر نیتی آیوگ کے تعاون اور سرپرستی سے جاری ہے۔ یہ ملک کے اہم شہروں دہلی، جئے پور، احمد آباد، پونے، ممبئی، بنگلور سے ہوتی ہوئی 26؍ نومبر کو حیدرآباد پہنچے گی۔ بعد میں یہ پھر رائے پور، بھونیشور، رانچی، کولکاتا، گوہاٹی سے ہوتی ہوئی شیلانگ میں اپنا سفر ختم کرے گی۔ اس بس کا مقصد لوگوں میں انٹرپرینیورشپ (صنعت کاری) کے تئیں شعور بیدار کرنا، ملک کی جانب سے کی گئی پہل جیسے میک ان انڈیا، ڈیجیٹل انڈیا، اسٹارٹ اپ انڈیا کے فوائد سے عوام کو روشناس کروانا ہے۔ اردو یونیورسٹی کے بشمول حیدرآباد کی دیگر جامعات اور کالجس کے طلبہ اور دلچسپی رکھنے والے افراد سے بھی شرکت کی خواہش کی گئی ہے۔