اوہیو کے کلب میں بندوق بردار کی فائرنگ : 3 افراد ہلاک

اوہائیو 9 مارچ (سیاست ڈاٹ کام ) اوہائیو کے شمال کے ایک نائیٹ کلب میں اتوار کی اولین ساعتوں میں ایک بندوق بردار نے اچانک فائرنگ کردی جس کے نتیجہ میں ایک پولیس اہلکار اور دوسرے دو افراد ہلاک ہوگئے جبکہ ایک اور شخص زخمی ہوگیا ہے۔ تحقیقاتی عہدیدار لاسٹ کال بار میں اس بندوق بردار کی شناخت کیلئے کوشاں ہیں۔ ابھی تک اس سلسلہ میں کوئی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی ہے ۔ پولیس سربراہ ٹم ویرسما نے کہا کہ بندوق بردار کچھ وقت سے بار میں موجود تھا اور ہوسکتا ہے کہ اسکا کسی اور کے ساتھ جھگڑا ہوا ہے جس کے بعد حالات بگڑ گئے ہیں۔ مہلوکین کی پولیس عہدیدار جوس اینڈی چاویز ‘ بارٹنڈر رامیرو سانچیز اور ایک گاہک ڈانیل رامیریز کی حیثیت سے شناخت ہوئی ہے ۔ ان کی عمریں 25 تا 28 سال کے درمیان بتائی جا رہی ہیں۔ عہدیدار نے کہا کہ یہ افسوس کی بات ہے کہ ایک معمولی جھگڑا اچانک ہی افسوسناک صورتحال اختیار کرگیا اور تین افراد ہلاک ہوگئے ۔ انہوں نے بتایا کہ مہلوکین میں ایک پولیس عہدیدار بھی شامل ہے ۔