اوٹکور میں محرم جلوس کا پرامن اختتام

سیکڑوں عقیدت مندوں کی شرکت، پولیس کا معقول بندوبست
اوٹکور /25 اکتوبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) شہر اوٹکور میں تاریخی علم مبارک جلوس ۹؍ اور ۱۰؍ محرم کو نکالا گیا۔ ۱۰؍ محرم کو شام پانچ بجے سواری مبارک عاشور خانہ پر ہزاروں افراد کی موجودگی میں جلوس نکالا گیا۔ واضح رہے کہ محکمہ برقی کی نااہلی کی وجہ سے سارا شہر تاریکی میں ڈوبا ہوا تھا۔ سواری علم مبارک کے راستوں پر روشنی نہ ہونے کے سبب کئی دشواریاں پیش آئیں۔ اوٹکور کے تاریخی جلوس میں بلالحاظ مذہب و ملت لوگ شریک ہوکر نذرانہ عقیدت پیش کرتے ہیں۔ سواری علم مبارک کا یہ جلوس ۹؍ اور ۱۰؍ محرم کو پانچ بجے شام الاوہ عاشورہ خانہ بڑے پیر سے نکل کر اوٹکور کے اہم راستوں سے گزرتے ہوئے عقیدت مندوں کے ہجوم کے ساتھ روشن ساگر (بڑا تالاب) کے پشتہ پر پہنچتا ہے، جہاں پر قدیم دور کے پتھر پر علم مبارک کا نقش اور تحریر کندہ ہے۔ بعد ازاں گیارہ بجے شب یہ جلوس اختتام پزیر ہوتا ہے۔ دریں اثناء اچانک بجلی بند ہونے کے سبب شرپسند عناصر امن و امان کو مکدر کرنے کی کوشش کرتے، تاہم سی آر پی ایف کے جوان اور پولیس کی چوکسی کی وجہ سے اشرار کو موقع نہیں ملا۔ خادمان اور متولی جناب یوسف بڑے پیر نے دور دراز سے آنے والے معتقدین کا شکریہ ادا کیا۔