اوور سیز اسکالرشپ اسکیم چوتھے بیاچ میں300 طلبا کا انتخاب متوقع

حیدرآباد ۔28۔ نومبر (سیاست نیوز) اقلیتی طلبہ کیلئے اوورسیز اسکالرشپ اسکیم کے تحت چوتھے بیاچ میں 300 طلبہ کا انتخاب کیا جاسکتا ہے ۔ سکریٹری اقلیتی بہبود سید عمر جلیل نے اس اسکیم کے تحت زیادہ سے زیادہ اقلیتی طلبہ کو فائدہ پہنچانے حکومت سے خواہش کی ہے کہ اسکالرشپ کیلئے درکار فنڈ جاری کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے سی آر نے اوورسیز اسکالرشپ کے تحت تمام مستحق طلبہ کو اسکالرشپ منظور کرنے اجازت دی ہے۔ چوتھے بیاچ میں جملہ 534 طلبہ نے درخواست داخل کی جن میں سے 300 طلبہ کو اہل قرار دیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ جلد اسٹیٹ لیول کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوگا جس میں امیدواروں کو قطعیت دی جائیگی۔ عمر جلیل نے بتایا کہ حکومت سے درکار فنڈ حاصل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے تاکہ مستحق طلبہ استفادہ کرسکیں۔جاریہ سال اسکالرشپ اسکیم کے تحت بجٹ میں 40 کروڑ روپئے مختص کئے گئے جس میں سے ابھی تک صرف 12 کروڑ کی اجرائی عمل میں آئی ۔ انہوں نے کہا کہ تیسرے بیاچ کے طلبہ کو 18 کروڑ روپئے کی اجرائی ابھی باقی ہے۔ اگر یہ رقم جاری کردی جائے تو اقلیتی بہبود کے پاس 10 کروڑ روپئے رہ جائیں گے، جس سے 100 طلبہ کو اسکالرشپ دی جاسکتی ہے۔ انہوں نے حکومت سے خواہش کی کہ کم از کم 30 کروڑ روپئے جاری کئے جائیں تاکہ 300 طلبہ بیرون ملک اعلیٰ تعلیم کیلئے روانہ ہوسکے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ چیف منسٹر وعدہ کے مطابق اقلیتی بہبود کو درکار بجٹ جاری کریں گے۔