اومان و یمن میں طوفان سے اموات 11 ہوگئیں ‘ 3 ہندوستانی شامل

صلالہ ( اومان ) 27 مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) جنوبی اومان اور یمنی جزیرہ سکوٹرہ سے ٹکرانے والے ایک طوان کے نتیجہ میں مہلوکین کی تعداد 11 تک جا پہونچی ہے جبکہ آٹھ ملاح ابھی تک لاپتہ بتائے گئے ہیں۔ حکام نے یہ بات بتائی ۔ کہا گیا ہے کہ سائیکلون میکونو اومان کے دھوفر اور الوسطی صوبوں سے کل ٹکرایا تھا اور اس کی شدت میں بھی اضافہ ہوگیا ہے ۔ کہا گیا ہے کہ یہاں 170 کیلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں لچ رہی تھیں ۔ اومان کی سیول ڈیفنس سرویس نے بتایا کہ مزید دو افراد سیلاب کی تباہ کاریوں کی وجہ سے ہلاک ہوئے ہیں جبکہ ایک 12 سالہ لڑکی بھی مہلوکین میں شامل ہے ۔ کہا گیا ہے کہ ایک اور شخص ایشیائی نژاد ہے جو سیلاب و طوان کی وجہ سے ہلاک ہوگیا ہے ۔ یہ موت دھوفر میں واقع ہوئی تھی ۔ لیفٹننٹ کرنل سعید البدائی نے ایک پریس کانفرنس میں یہ بات بتائی ۔ انہوں نے بتایا کہ ایک اور اومانی باشندے کی ہلاکت کی بھی اطلاع ملی ہے جو سیلاب کے پانی میں اپنی کار کے ساتھ بہہ گیا ۔ سکوٹرہ کے گورنر رمضی مہروس نے آج کہا کہ جزیرہ پر ہلاکتوں کی تعداد ہنوز سات ہی ہے جن میں پانچ یمنی اور دو ہندوستانی ملاح شامل ہیں۔ مزید کہا گیا ہے کہ آٹھ ہندوستانی ملاح لاپتہ ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ جزیرہ کا جنوبی حصہ ملک کے مابقی حصوں سے ہنوز کٹا ہوا ہے اور حکام کی جانب سے اس علاقہ تک رسائی حاصل کرنے اور وہاں ہوئے نقصانات کا جائزہ لینے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔ ائرپورٹ کو ہدیبو سے جوڑنے والی اصل شاہراہ کو اب کھول دیا گیا ہے ۔ اومان کے ڈائرکٹوریٹ موسمیات نے کل کہا تھا کہ اس طوفان کی جو تباہ کاریاں ہونی تھیں وہ ہوچکی ہیںاور اب اس کا اثر کم ہوگیا ہے ۔ اس دوران دوبئی سے ملنے والی اطلاع میں کہا گیا ہے کہ سائیکلون میکونو کی وجہ سے جنوبی اومان اور یمنی جزیرہ سکوٹرہ میں جو اموات ہوئی ہیں ان میں تین ہندوستانی شامل ہیں۔ جملہ ہلاکتوں کی تعداد 11 بتائی گئی ہے ۔ صلالہ میں ہندوستانی سفارتخانہ نے بھی ان اموات کی توثیق کی ہے ۔