انگلش پریمیئر لیگ میںنئی تاریخ رقم

لندن۔30 نومبر (سیاست ڈاٹ کام ) انگلش پریمیئر لیگ میں لائسسٹر سٹی کے اسٹرائیکر جیمی وارڈی نے تاریخ رقم کرتے ہوئے مسلسل 11 مقابلوں میں گول کرنے کا نیا ریکارڈ قائم کر دیا ۔ مانچسٹر یونائیٹڈ کے خلاف میچ کے 24ویں منٹ میں انہوں نے گول کیپر ڈیوڈ ڈی گیا کو چکمہ دیتے ہوئے گیند کو جال میں پہنچا کر ریکارڈ قائم کیا۔ اس سے قبل یہ ریکارڈ ہالینڈ سے تعلق رکھنے والے مانچسٹر یونائیٹڈ کے اسٹرئیکر وین نسٹل روئے کے پاس تھا جنہوں نے 2003 میں مسلسل  دس میچوں میں گول اسکور کئے تھے۔ میچ کے بعد وارڈی نے کہا کہ میں گول اسکور کرنے اور ریکارڈ بنانے پر بہت خوشی محسوس کررہا ہوں لیکن حریف ٹیم کے گول اسکور کرنے پر مجھے تھوڑی مایوسی ہوئی کیونکہ اس گول سے ہمیں نقصان ہوا ہے  ورنہ ہمیں تین قیمتی نشانات مل جاتے۔ اس وقت انگلش پریمیئر لیگ میں 14 گول کے ساتھ سب سے زیادہ گول اسکور کرنے والے وارڈی نے کہا کہ میں نے ریکارڈ کے بارے میں نہیں سوچا تھا کیونکہ اس سے میری اور ٹیم کی کارکردگی پر فرق پڑتا۔ وین نسٹل روئے نے ریکارڈ توڑنے پر وارڈی کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ آپ اس اعزاز کے مستحق تھے۔ علاوہ ازیں وارڈی کے گول کے باوجود مانچسٹر یانائیٹڈ اور لائسسٹر سٹی کے درمیان میچ 1-1  گول سے ڈرا ہو گیا جبکہ منچسٹر سٹی1-3  سے فتح کے بعد جدول میں پہلے نمبر پر پہنچ گئی ہے۔