انڈیا بمقابلہ پاکستان فائنل:پاکستان کی جیت کا جشن منانے والے 15لوگوں کے خلاف مدھیہ پردیش پولیس نے وطن سے غداری کا مقدمہ درج کیا

مدھیہ پردیش کی پولیس نے پاکستان کی جیت کا جشن منانے والے 15لوگوں کو ضلع برہان پور سے گرفتار کیا ہے۔خبررساں ایجنسی نے بھی اس بات کی خبر دی ہے کہ منگل کے روز دوپہر میں ضلع برہان پور سے 15افراد کو گرفتار کرلیاگیا ہے جو مبینہ طور پر ائی سی سی چیمپئنس ٹرافی کے فائنل مقابلے میں ہندوستان کے خلاف پاکستان کی جیت پر جشن منایاتھا۔

مذکورہ افراد نے موافق پاکستان نعرے بھی لگائے اور انہیں ملک سے غداری کے دفعات کے تحت گرفتار کرلیاگیا ہے۔اتوار کے روز ائی چیمپئنس ٹرافی کے فائنل مقابلہ میں ہندوستان کی 180رنوں سے شکست کے بعدضلع برہان پور کے موہاد گاؤں میں کشیدگی اچانک بڑھ گئی۔ کچھ لوگوں نے مبینہ طور پر موافق پاکستان نعرے لگائے اور عوامی مقامات پر پاکستان کی جیت کے جشن میں آتشز بازی بھی کی ۔

لاء اینڈ ارڈر کا مسئلہ پیدا نہ ہونے دینے کے لئے واقعہ کے فوری بعد پولیس نے علاقے کی سکیورٹی میں اضافہ کردیا۔بعدازاں سبھاش لکشمن کولی نامی شخص کی شکایت پر 15لوگوں کو گرفتار کرلیاگیا۔ایجنسی سے واقعہ کی تصدیق شاہ پور پولیس اسٹیشن انچار ج سنجئے پاٹھک نے کی ۔ پاٹھک نے کہاکہ ’’ ہمیں ایک شکایت موصول ہوئی کہ ملزمین نے پاکستان کی جیت کا جشن منایا اور آتشزبازی بھی کی اور موافق پاکستان نعرے بھی لگائے‘‘۔

انہوں نے کہاکہ گرفتار کئے گئے 19سے 35سال کی عمر کے لوگوں کے خلاف ائی پی سی کے دفعہ124-Aاور 120-Bکے تحت مقدمہ درج کیاگیا ہے۔ ملزمین کو عدالت میں پیش کیاگیا جہاں پر ان کی ضمانت نہ منظور کردی گئی اور انہیں جیل بھیج دیاگیا۔

بعدازاں انہیں کھنڈوا ضلع جیل منتقل کردیاگیا۔مذکورہ ائی سی سی میاچ میں ہندوستان کو پاکستان کے مقابلہ شرمناک شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا ساری ٹیم 30.3اورس میں ڈھیر ہوگئی اور اس فائنل مقابلے میں ہندوستان کو 180رن سے شکست ہوئی ۔