انٹرمیڈیٹ طالب علم کی پانچویں منزل سے چھلانگ

حیدرآباد 12 ستمبر (پی ٹی آئی) میرپیٹ میں خانگی کالج کے انٹرمیڈیٹ سال دوم کے طالب علم نے مبینہ طور پر وائس پرنسپل اور دو لکچررس کی زدوکوب کے بعد رہائشی عمارت کی پانچویں سے چھلانگ لگادی۔ پولیس نے بتایا کہ 17 سالہ اِس طالب علم نے کالج کی ایک طالبہ کے بارے میں بنچ پر نازیبا فقرے لکھے تھے۔ جس کے بعد دو لکچررس اِس طالب علم کو وائس پرنسپل کے چیمبر میں لے گئے جنھوں نے مبینہ طور پر اُسے مارا پیٹا اور کہاکہ والدین کو ساتھ لے آئے۔ اِس واقعہ کے بعد یہ لڑکا اپنے گھر گیا اور والد کو بتایا کہ اُسے وائس پرنسپل اور دو لکچررس نے زدوکوب کیا ہے لہذا وہ اپنی زندگی ختم کرنے جارہا ہے۔ اُس نے عمارت کی پانچویں منزل سے چھلانگ لگادی۔ اُسے پیروں میں فریکچر آئے اور ہاسپٹل میں شریک کیا گیا ہے۔ تحقیقات کے دوران یہ پتہ چلا کہ لڑکا اپنے والد کی ڈانٹ ڈپٹ کے اندیشے سے خوفزدہ تھا۔ اِس لئے اُس نے عمارت سے چھلانگ لگادی۔