اندرون چھ ماہ تلنگانہ کے ہر گھر کو انٹرنیٹ کی سہولت

دہلی میں آئی ٹی منسٹر آف دی ایئر اسکوچ ایوارڈ حصول کے بعد کے ٹی آر کا بیان
حیدرآباد ۔ 9 ستمبر (سیاست نیوز) وزیر آئی ٹی تلنگانہ کے ٹی آر نے دہلی میں منعقدہ ایک تقریب میں ’’آئی ٹی منسٹر آف دی ایئر‘‘ کا اسکوچ ایوارڈ حاصل کیا۔ آئندہ 6 ماہ میں تلنگانہ کے ہر گھر کو انٹرنیٹ کی سہولت فراہم کرنے کا اعلان کیا۔ ریاستی وزیر آئی ٹی و بلدی نظم و نسق کے ٹی آر کو مزید ایک قومی ایوارڈ حاصل ہوا ہے۔ اسکوچ ادارے کے 49 ویں سمیٹ کا دہلی میں انعقاد عمل میں آیا، جس میں کے ٹی آر کو اس ایوارڈ سے نوازا گیا۔ اسکوچ ادارے کے صدرنشین سمیر کوچر نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کئی مواقع پر کے ٹی آر کے فیصلوں کا گہرائی سے جائزہ لیا گیا۔ مختلف امور پر ان کی جانب سے کیا جانے والا ردعمل بھی متاثرکن رہا ہے۔ تلنگانہ میں آئی ٹی شعبہ کو ترقی دینے کیلئے کے ٹی آر کے اقدامات قابل ستائش ہیں۔ وزارت آئی ٹی کی ذمہ داری قبول کرنے کے بعد کے ٹی آر نے آئی ٹی شعبہ کو ترقی دینے کیلئے جو روڈمیاپ تیار کیا ہے، وہ بھی کافی پرکشش ہے۔ تمام پہلوؤں کا جائزہ لینے کے بعد تلنگانہ کے وزیر آئی ٹی کے ٹی آر کو ’’آئی ٹی منسٹرآف دی ایئر‘‘ کا ایوارڈ دیا جارہا ہے۔ ایوارڈ حاصل کرنے کے بعد کے ٹی آر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ 6 ماہ میں تلنگانہ کے ہر گھر کو پینے کا پانی دینے کے ساتھ ہر گھر کو انٹرنیٹ کی سہولت فراہم کرنے کے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ کے ٹی آر نے کہا کہ تلنگانہ کو ترقی دینے بالخصوص آئی ٹی شعبہ کو ترقی دینے کیلئے بڑے پیمانے پر عملی اقدامات کئے جارہے ہیں۔ نئی آئی ٹی پالیسی متاثرکن ہے۔ کئی کارپوریٹ ادارے تلنگانہ میں سرمایہ کاری کرنے کیلئے اپنی دلچسپی دکھارہے ہیں۔ انہوں نے فخر کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سارے ملک میں ریاست تلنگانہ کو یہ اعزاز حاصل ہوا ہیکہ براڈ بیانڈ انٹرنیٹ کی سہولت گھر گھر پہنچانے کے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ اس نظریئے پر سارے ملک میں عمل آوری ہونی چاہئے۔