انجینئرس کو تلنگانہ کی ترقی کیلئے وقف ہوجانے کا مشورہ

نواب علی نواز جنگ کی خدمات کو خراج، انجینئرس ڈے سے ہریش راؤ کا خطاب
حیدرآباد ۔ 11 ۔ جولائی (سیاست نیوز) وزیر آبپاشی ہریش راؤ نے انجنیئرس پر زور دیا کہ وہ تلنگانہ کی ترقی کیلئے خود کو وقف کردیں۔ ہریش راؤ نے آج انجنیئرس ڈے کے موقع پر حیدرآباد اسٹیٹ کے مایہ ناز انجنیئر نواب علی نواز جنگ بہادر کے مجسمہ پر پھول نچھاور کئے اور ان کی خدمات کو خراج پیش کیا۔ ہریش راؤ نے کہا کہ نواب علی نواز جنگ حیدرآباد اسٹیٹ میں کئی اہم پراجکٹس اور تاریخی عمارتوں کی تعمیر میں اہم رول ادا کرچکے ہیں۔ متحدہ آندھرا کے حکمرانوں نے ان کی خدمات کو فراموش کردیا تھا ۔ تلنگانہ ریاست کی تشکیل کے بعد سے ٹی آر ایس حکومت ہر سال ان کے یوم پیدائش کو تلنگانہ انجیئرس ڈے کے طور پر منا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد اسٹیٹ میں آبپاشی پراجکٹس اور تاریخی عمارتوں کی تعمیر کے سلسلہ میں نواب علی نواز جنگ کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا ۔ نظام ساگر پراجکٹ میں بھی نواب علی نواز جنگ کا اہم رول رہا۔ جس وقت یہ پراجکٹ تعمیر کیا گیا وہ دنیا کا ایک اہم اور بڑا پراجکٹ تھا۔ ہریش راؤ نے کہا کہ عصری سہولتوں کی کمی کے باوجود آبپاشی پراجکٹس کی تعمیر یقینی طور پر ایک کارنامہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ مشن کاکتیہ کے تحت آبپاشی پراجکٹس کی تعمیر میں آر اینڈ بی پنچایت راج اور دیگر متعلقہ محکمہ جات کے انجنیئرس دن رات کام کر رہے ہیں اور وہ ریاست کی ترقی کو یقینی بنانے کیلئے سرگرم ہیں۔ انہوں نے کالیشورم پراجکٹ کی تعمیر کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ پراجکٹ مقررہ مدت میں مکمل ہوجائے گا۔ انہوں نے پراجکٹ کی تکمیل میں معاون انجنیئرس کی ستائش کی اور کہا کہ آبپاشی پراجکٹس کی تکمیل میں خاتون انجنیئرس کا بھی اہم رول ہے ۔ رات 11 بجے بھی خاتون انجنیئرس پراجکٹ کے کام میں مصروف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کالیشورم پراجکٹ کی تکمیل سے ریاست کے 20 اضلاع میں آبپاشی اور پینے کے پانی کی ضرورتوں کی تکمیل ہوگی ۔ ہریش راؤ نے کہا کہ پراجکٹس کے معائنہ کے وقت انہوں نے انجنیئرس کو جس طرح مصروف دیکھا، وہ قابل ستائش ہے۔ انہوں نے کہا کہ انجنیئرس ڈے کے موقع پر ہر ایک انجنیئر کو ریاست کی ترقی کیلئے دوبارہ وقف ہونے کا عہد کرنا چاہئے ۔ تقریب میں انجنیئرس جے اے سی کے صدرنشین وینکٹیشم ، ای این سی مرلی دھر ، چیف انجنیئر وینکٹیشورلو اور دیگر عہدیداروں نے شرکت کی ۔