امریکی قونصل خانہ حیدرآباد میں آج ویزا درخواستیں اور انٹرویوز جاری رہیں گے

امریکہ میں شٹ ڈاؤن کا قونصل خانہ پر جزوی اثر، حکومت امریکہ کی ہدایت پر عمل

حیدرآباد۔21جنوری(سیاست نیوز) حکومت امریکہ کے شٹ ڈاؤن کا امریکی قونصل خانہ حیدرآباد پر جزوی اثر پڑے گا لیکن ویزا درخواست گذاروں کے انٹرویوز اور درخواستوں کے ادخال پر کوئی اثر نہیں ہوگا۔ باوثوق ذرائع سے موصولہ اطلاعات کے مطابق امریکی قونصل خانہ حیدرآباد میں 22جنوری کو ہونے والے ویزا انٹرویو شیڈول کے مطابق منعقد کئے جائیں گے اور ان پر حکومت امریکہ کے ’’شٹ ڈاؤن‘‘ کا کوئی اثر نہیں رہے گا۔ بتایاجاتاہے کہ حکومت امریکہ نے ویزا انٹرویو اور درخواستوں کے ادخال کے سلسلہ میں بتایا کہ یہ معاملہ بلکلیہ طور پر امریکی قونصل خانوں اور ان کے ذریعہ حاصل ہونے والی آمدنی پر منحصر ہے اسی لئے ان خدمات کو روکا نہیں جائے گا اور یہ خدمات جوں کی توں برقرار رہیں گی۔ ذرائع کے مطابق امریکی قونصل خانہ کے ذریعہ چلائے جانے والے کچھ ایسے پروگرامس کو منسوخ کیا گیا ہے جو قونصل خانہ کے باہر دیگر اداروں کے ساتھ تعاون و اشتراک سے چلائے جاتے ہیں۔ بتایاجاتاہے کہ قونصل خانہ کو اس سلسلہ میں دہلی سفارتخانہ اور امریکی محکمہ خارجہ سے واضح ہدایات موصول ہوچکی ہیں کہ وہ ویزا درخواستوں کی کی یکسوئی اور انٹرویوز کو نہ روکیں بلکہ حسب معمول ضروری خدمات کے طور پر انہیں جاری رکھیں۔