امریکی ایرپورٹس پر بعض مسافرین کیلئے پورا جسمانی اسکیان لازمی

واشنگٹن ۔ 25 ۔ دسمبر : ( سیاست ڈاٹ کام ) : امریکی ایرپورٹس پر بعض مسافرین کو سیکوریٹی وجوہات کی بنیاد پر پورے جسم کے الیکٹرانک اسکیان سے بھی گزرنا پڑسکتا ہے اور اس طرح اب اس پالیسی کا خاتمہ ہوگیا ہے جس کے تحت کسی بھی مسافرکو یہ اختیار تھا کہ وہ الیکٹرانک اسکیان کے لیے اگر رضا مند ہے تو ٹھیک ہے ورنہ کوئی بات نہیں ۔ حالیہ دہشت گرد حملوں خصوصی طور پر پیرس اور کیلیفورنیا قتل عام کے بعد اس پالیسی کو مسافروں کی صوابدید پر چھوڑنے سے دستبرداری اختیار کرلی گئی ہے اور اس طرح انتہائی عصری امیجنگ اسکیان سے کم و بیش ہرمسافر کو گزرنا پڑسکتا ہے ۔ دریں اثنا ٹرانسپورٹیشن سیکوریٹی ایڈمنسٹریشن (TSA) جو امریکی ایرپورٹس کی نگرانکار ہے کا کہنا ہے کہ پروٹوکول میں کچھ ضروری تبدیلیاں کی گئی ہیں ۔ جس کے تحت کچھ مسافرین کے لیے پورے جسم کا الیکٹرانک اسکیان کیا جائے گا ۔
نواز شریف کی دعوت میں
مودی کا پسندیدہ پکوان
لاہور ۔ 25 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم مودی کا پسندیدہ پکوان ساگ دیگر ترکاری کے ذائقہ دار پکوانوں میں شامل تھا جو وزیراعظم پاکستان نواز شریف کی قیامگاہ پر ان کے اعزاز میں ترتیب دی ہوئی ضیافت کیلئے تیار کئے گئے تھے۔ ایک ذریعہ کے بموجب تمام پکوان بشمول ساگ ، دال اور بغیر گوشت کی غذا دیسی گھی سے تیار کی گئی تھی۔ کھانے کے بعد وزیراعظم ہندوستان کو کشمیری چائے پیش کی گئی انہیں 72 گھنٹے کا ویزا بھی جاری کیا گیا تھا۔