امریکہ کے سابق صدر ہاسپٹل سے ڈسچارج

واشنگٹن، 31 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ کے سابق صدر جارج ایچ ڈبلو بش کو دو ہفتے تک نمونیا کے علاج کے بعد آج ہاسپٹل سے چھٹی دے دی گئی۔ترجمان جم میک گراتھ نے بتایا کہ وہ عالمی معیار کی سہولیات دینے والے ڈاکٹروں اور نرسوں اور علاج کے دوران ان کی اچھی صحت کی خواہش کرنے والے خیر خواہوں کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔مسٹر بش (92) کو 14 جنوری کو سانس لینے میں تکلیف کے بعد ہاوسٹن ہاسپٹل میں داخل کرایا گیا تھا جہاں ان کا دو ہفتے تک علاج چلا۔امریکہ کی سابق خاتون اول اور جارج ایچ ڈبلو بش کی بیوی باربرا بش (91) کو بھی بیمار ہونے کے سبب اسی ہفتے ہاسپٹل میں داخل کرایا گیاتھا لیکن انہیں گذشتہ ہفتے ہی ہاسپٹل سے چھٹی دے دی گئی تھی۔ اس جوڑے نے گزشتہ 6 جنوری کو ہی اپنی شادی کی 72 ویں سالگرہ منائی تھی۔مسٹر بش کو بھی صدر ٹرمپ کی حلف برداری کی تقریب میں بلایا گیا تھا وہ امریکہ کے واحد باحیات صدر تھے جنہوں نے حلف برداری کی تقریب میں حصہ نہیں لیا۔ تاہم ان کے بیٹے اور سابق صدر جارج ڈبلو بش مسٹر ٹرمپ کی حلف برداری کی تقریب میں شریک ہوئے تھے ۔