امریکہ کی پہلی ہندو خاتون قانون ساز تلسی گبارڈ آئندہ امریکی صدر؟

l قطعی فیصلہ کا کرسمس سے قبل اعلان متوقع l گبارڈ کی ٹیم ڈونرس سے مسلسل رابطہ میں

واشنگٹن ۔ 21 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ کی پہلی ہندو قانون ساز جن کا تعلق ہوائی سے ہے اور جو یو ایس کانگریس میں اہم رول ادا کررہی ہیں، نے اب اس بات پر غوروخوض شروع کردیا ہیکہ کیوں نہ 2020ء میں منعقد شدنی امریکی صدارتی انتخابات لڑنے وہ بھی میدان میں آجائیں۔ جمعہ کو لاس اینجلس میں ایک میڈٹرانک کانفرنس میں ایک معروف ہندوستانی نژاد امریکی شہری ڈاکٹر سمپت شیوانگی نے ہندو قانون ساز تلسی گبارڈ کو متعارف کروایا اور کہا کہ 37 سالہ گبارڈ امریکہ کی آئندہ صدر ہوسکتی ہیں جس کے فوری بعد وہاں موجود سینکڑوں افراد نے تعظیماً کھڑے ہوکر تلسی گبارڈ کیلئے زوردار تالیاں بجائیں۔ یاد رہیکہ تلسی گبارڈ ایک ڈیموکریٹ ہیں اور انہوں نے بھی کانفرنس سے خطاب کیا تاہم 2020ء میں موصوفہ صدارتی عہدہ کیلئے انتخابات لڑیں گی یا نہیں اس کی انہوں نے نہ تو توثیق کی اور نہ تردید۔ اس تعلق سے کسی قطعی فیصلہ کا اعلان کرسمس سے قبل کیا جاسکتا ہے۔ تاہم یہ ضروری نہیں کہ ایسا ہو۔ ہوسکتا ہیکہ اس اعلان کو تاخیر سے یعنی آئندہ سال جنوری کیلئے محفوظ کرلیا جائے۔ تلسی گبارڈ سے قریبی تعلقات رکھنے والے جو ان کی طرزفکر سے بھی اچھی طرح واقف ہیں، نے یہ بات بتائی۔ دوسری طرف یہ بھی کہا جارہا ہیکہ تلسی گبارڈ اور ان کی ٹیم انتہائی خاموشی کے ساتھ ڈونرس (عطیہ کنندگان) سے رابطے میں ہیں جن میں ہندوستانی نژاد امریکی شہریوں کی بھی کثیر تعداد شامل ہے اور ساتھ ہی ساتھ ایسے والینٹرس بھی ہیں جو 2020ء میں تلسی گبارڈ کیلئے مؤثر انتخابی مہمات چلا سکیں۔ یہاں اس بات کا تذکرہ ضروری ہیکہ تلسی گبارڈ نے جب سے اپنے سیاسی کیریئر کا آغاز کیا ہے اس وقت سے ہی وہ اپنے حلقہ انتخاب کی ترقی و ترویج کیلئے کام کرتی آئی ہیں اور یہ فطری بات ہیکہ ایسا کرنے سے وہ ہندوستانی نژاد امریکی شہریوں میں بیحد مقبول ہیں اور یہی وجہ ہیکہ ان کی ٹیم ہندو امریکیوں سے مسلسل رابطے بنارہی ہے جنہیں امریکی یہودیوں کے بعد سب سے زیادہ مالدار برادری قرار دیا جاتا ہے۔ امریکہ کی بیشتر باعث تشویش ریاستوں میں ہندوستانی نژاد امریکی شہری تلسی گبارڈ کے حق میں اہم رول ادا کرسکتے ہیں۔ تلسی ہندوستانی نہیں ہیں بلکہ وہ ایک امریکی کیتھولک والد (ہوائی کے سینیٹر مائیک گبارڈ) اور والدہ کیرول پورٹر گبارڈ کی بیٹی ہیں جو کاکاسین فرقہ کی وراثت پر عمل کرتے ہوئے ہندومت کی پیروی کرتی ہیں۔ جب تلسی دو سال کی تھیں تو اس وقت ان کے والدین انہیں ہوائی لے آئے اور انہوں نے (تلسی) بھی ہندومت اپنا لیا اور آج یہ حال ہیکہ تلسی گبارڈ کو ہندو ویدوں اور دیگر مقدس کتابوں کی بھرپور معلومات ہے۔