امریکہ: پاکستانی نژاد مسلمان وزیر کا قرآن پر حلف، وزارت تعلیم سپرد، اہم عہدہ پر فائز ہونے والے پہلے مسلمان

ورجینیا ۔ 16 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) امریکی ریاست ورجینا میں ایک پاکستانی نژاد مسلمان کو ریاست میں وزارت تعلیم کا قلمدان سونپا گیا مگر دلچسپ بات یہ ہیکہ نومنتخب وزیر نے اپنے عہدہ کا حلف قرآن پاک پر اٹھایا۔ عرب ٹی وی کے مطابق سوشیل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک جھلکی میں پاکستانی نژاد مسلمان وزیر عاطف قرنی کو اپنے ایک ہاتھ میں قرآن پاک اٹھائے امریکی دستور کے تحت حلف اٹھاتے دیکھا جاسکتا ہے۔ عاطف قرنی پر یہ حلف ورجینیا ریاست کے گورنر رالف نورتھم نے دلوایا۔ انہیں ریاست میں تعلیمی پالیسی، مدارس سے تعاون اور اعلیٰ تعلیمی اداروں کی نگرانی سونپی گئی ہے۔ عاطف قرنی پہلے امریکی مسلمان ہیں جو ورجینیا ریاست میں اس اہم عہدے پر فائز ہوئے ہیں۔ قرنی اس سے قبل امریکی بحریہ میں سارجنٹ اور کچھ عرصہ تک وسطی ورجینیا میں بیفیل اسکول میں اسپورٹس کے استاد کے طور پر بھی کام کرچکے ہیں۔ اس موقع پر ریاستی گورنر نورتھم نے کہا کہ اہم بات یہ ہیکہ ہمیں ریاست میں ایک ایسا وزیر تعلیم چاہئے جو نصاب تعلیم، تدریسی کلاسز اور اسکولوں کے معاملات کو اچھی طرح سمجھتا ہو۔ عاطف قرنی کے پاس اعلیٰ تعلیم کے حوالہ سے پختہ بصیرت موجود ہے۔ خیال رہیکہ قرنی کی پیدائش 1978ء میں کراچی میں ہوئی۔ وہ دس سال کی عمر میں اپنے خاندان کے ہمراہ امریکہ منتقل ہوئے۔ انہوں نے ابتدائی زندگی میری لینڈ میں بسرکی۔ 2005ء میں وہ ورجینیا کے ماناساس منتقل ہوگئے۔