امریکن فٹبال نیشنل چمپئن شپ ، حیدرآباد میں آج آغاز

تلنگانہ کے بشمول آٹھ ریاستوں کی نمائندہ ٹیموں کے گچی باؤلی میں مقابلے
حیدرآباد ، 27 جنوری (ای میل) شائقین فٹبال کیلئے زبردست موقع آرہا ہے جیسا کہ امریکن فٹبال فیڈریشن آف انڈیا (AFFI) اپنی چھٹی نیشنل چمپئن شپ کے تحت دو روزہ ایونٹ کا یہاں حیدرآباد میں 28 اور 29 جنوری کو انعقاد عمل میں لا رہا ہے، جس میں آٹھ ٹیمیں حصہ لیں گی اور نیشنل اسکواڈ کیلئے امکانی کھلاڑیوں کا انتخاب بھی ہوگا۔ یہ مقابلے بیضوی (اوول) شکل کی گیند سے کھیلے جاتے ہیں جبکہ اونچے اور کھلے گول پوسٹ کے حامل مستطیل میدان پر ہیلمٹ پہنے کھلاڑیوں میں قابل دید مسابقت رہتی ہے۔ یہ سارا موڈ امریکی طرز کا ہے اور کھیل نارتھ امریکن سے تعلق رکھتا ہے مگر بہترین بات یہ ہے کہ حیدرآبادی سرد ماحول میں ہندوستانی کھلاڑی امریکی فٹبال گچی باؤلی اسٹیڈیم میں کھیلتے نظر آئیں گے۔ اور اس ایونٹ کے ذریعے بالکلیہ پہلی مرتبہ نیشنل اسکواڈ کے امکانی کھلاڑیوں کو منتخب کیا جائے گا۔ آٹھ ہندوستانی ریاستوں کی نمائندہ ’ایئٹ اے سائیڈ‘ ٹیمیں 19 مقابلے کھیلیں گی۔ یہ ٹیمیں دہلی، ہریانہ، کرناٹک، مہاراشٹرا، پنجاب، راجستھان، ٹاملناڈو اور میزبان تلنگانہ کی نمائندگی کرتی ہیں۔ چیئرمین اے ایف ایف آئی ڈاکٹر وینکٹیش مووا نے کہا کہ اس ملک میں امریکی فٹبال کو مقبول بنانے کی کوششیں کامیاب ہورہی ہیں۔ اس طرز کے کھیل میں رفتار، مستعدی، تکنیک نیز دم خم کا خوبصورت امتزاج ہے۔ شائقین فٹبال مزید جانکاری کیلئے 9963445785 پر رابطہ قائم کرسکتے ہیں۔