امریندر سنگھ کا انکار ، سدھو دورہ پاکستان پر آمادہ

کرتار پور سنگ بنیاد تقریب کا پاکستان میں مجوزہ انعقاد ، سدھو کا شرکت کو اپنے لئے اعزاز قرار دینے کا مکتوب
چندی گڑھ ۔ 25 نومبر ( سیاست ڈاٹ کام ) چیف منسٹر پنجاب امریندر سنگھ نے پاکستان کے سنگ بنیاد تقریب برائے کرتار پور راہداری کے دعوت نامہ کو مسترد کردیا ۔ وزیرخارجہ پاکستان شاہ محمود قریشی کو اپنے مکتوب میں امریندر سنگھ نے کہاکہ یہ ایک تاریخی موقع ہے لیکن انہوں نے کہا کہ ان کی ریاست میں دہشت گرد حملوں میں ہندوستانی فوجیوں کی ہلاکتیں پاکستانی فوجیوں کے ہاتھو ں جاری ہیں ، اس لئے وہ تقریب میں شرکت سے قاصر ہیں ۔ شاہ محمود قریشی کے دعوت نامے پر انہوں نے شکریہ ادا کیا ۔ تاہم ریاستی کابینی وزیر نوجوت سنگھ سدھو نے جو راہداری کی پُرزور تائید کررہے تھے جو گردوارہ دربار صاحب پاکستان کوڈیرہ بابا نانک ہندوستانی پنجاب سے مربوط کریگی ، کہا کہ یہ میرے لئے اعزاز اور مسرت کی بات ہوگی کہ میں اس دعوت نامہ کو قبول کروں جس میں کرتار پور صاحب پر 28 نومبر کو اس راہداری کا سنگ بنیاد رکھا جائیگا ۔ یہ ایک تاریخی موقع ہوگا ۔ مقامی حکومت ، سیاحت اور تہذیبی اُمور کے وزیر نے تحریر کیا کہ انہیں تقریب میں شرکت کی اجازت دی جائے اور مکتوب وزارت خارجہ کو روانہ کردیا ۔ اب یہ وزارت خارجہ کی ذمہ داری ہے کہ وہ انہیں اس کی اجازت دیتی ہے یا نہیں ۔ سدھو نے کہا کہ ہمارے ملک نے اولین اقدام کیا ہے ۔ کرتار پور کا جذبہ ہم سب میں بیدار ہونا چاہیئے اور ہمیں سرحدوں کو توڑ دینا چاہیئے ۔ انہوں نے کہاکہ ہمارے ذہنوں اور دلوں کی سرحدیں توڑ کر اس اقدام کا خیرمقدم کرنا چاہیئے ۔ سدھو نے کہا کہ آج کا دن یقینا راستہ ہموار کریگا ۔ انہوں نے کہا کہ ہماری قوم نے پہلا قدم اٹھایا ہے ۔ سدھو ‘قریشی کے مکتوب کا جواب دے رہے تھے جس میں وزیر خارجہ پاکستان نے کہا تھا کہ یہ دیرینہ مطالبہ تھا جسے وزیر خارجہ پاکستان نے پورا کردیا ۔ انہوں نے کہاکہ ہماری اس کوشش میں آپ بھی برابر کے شریک ہیں ۔ سدھو نے جواب میں کہاکہ اچھے کارنامے خود اپنا ثبوت دیتے ہیں ۔