امرتسر میں ٹرین حادثہ ‘ دسہرہ جشن ماتم میں تبدیل، 61 ہلاک‘ 72 زخمی

صدرجمہوریہ اور وزیراعظم کا اظہار تعزیت، مرکزی وزیرداخلہ کا تیقن، مہلوکین کے ورثاء کو دو لاکھ روپئے معاوضہ، وزیر ریلوے امریکہ سے واپس

امرتسر 19 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) کم از کم 61 افراد ہلاک اور 72 زخمی ہوگئے جبکہ وہ ریلوے پٹریوں پر راون کا پتلا نذر آتش کررہے تھے جبکہ ایک ٹرین نے اُنھیں کچل دیا۔ ٹرین جالندھر سے امرتسر جارہی تھی جبکہ جوڑا پھاٹک پر 300 افراد راون کے پتلے کے جلنے کا منظر دیکھ رہے تھے۔ سب ڈیویژنل مجسٹریٹ امرتسر راجیش شرما کے بموجب 61 افراد ہلاک اور دیگر 72 زخمی ہوگئے اور امرتسر ہاسپٹل میں زیرعلاج ہیں۔ ذرائع ابلاغ کے مشیر برائے چیف منسٹر روین ٹھکرال نے 40 ہلاکتوں کی توثیق کی تاہم کہاکہ اِس تعداد میں اضافہ ہوسکتا ہے۔ مخالف سمتوں سے بیک وقت 2 ٹرینیں آگئی تھیں اِس لئے لوگوں کو فرار ہونے کا موقع نہیں ملا۔ مہلوکین کے احباب اور رشتہ دار اُنھیں تلاش کرتے ہوئے دیکھے گئے۔ مقامی حادثہ پر کئی نعشیں پڑی ہوئی نظر آئیں۔ لوگ مقامی رکن اسمبلی نوجوت کور سدھو کے خلاف نعرہ بازی کرتے دیکھے گئے۔ وزیراعظم اور صدرجمہوریہ نے پیامات تعزیت روانہ کرنے کے علاوہ وزیراعظم نے مہلوکین کے ورثاء کو دو لاکھ روپئے فی کس امداد کا اعلان کیا۔ جبکہ مرکزی وزیرداخلہ راجناتھ سنگھ نے تیقن دیا کہ پنجاب کو ہرممکن مدد فراہم کی جائے گی۔ ریلویز نے ہیلپ لائن نمبر قائم کئے ہیں تاکہ ٹرین حادثہ میں مہلوکین کے بارے میں تازہ ترین تفصیلات فراہم کی جاسکیں۔ مرکزی وزیر ریلوے پیوش گوئل نے امریکہ میں اپنی تمام مصروفیات منسوخ کردیں اور فوری واپس روانہ ہوگئے۔ وزیر مملکت برائے ریلویز منوج سنہا، صدر ریلوے بورڈ اشونت لوہامی، ناردن ریلوے کے جنرل منیجر وشویش چوبے اور دیگر ریلوے کے اعلیٰ عہدیدار صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے فوری مقام حادثہ پر پہونچ گئے۔ چیف منسٹر دہلی اروند کجریوال قومی کنوینر عام آدمی پارٹی نے پارٹی رضاکاروں اور کارکنوں کوہدایت دی ہے کہ ریلوے عہدیداروں سے ربط پیدا کریں اور امرتسر میں ٹرین حادثہ سے متاثرہ افراد کو راحت رسانی کے کام انجام دیں۔