امرتسر میں نرنکاری بھون پر گرینیڈ حملہ ‘ 3 افراد ہلاک

کئی زخمی ، حملہ میں آئی ایس آئی ، خالصتانی کشمیری دہشت گرد گروپ ملوث ہونے کا شبہ
امرتسر 18 نومبر ( سیاست ڈاٹ کام ) امرتسر میں ایک مذہبی اجتماع پر کئے گئے گرینیڈ حملہ میں تین افراد ہلاک ہوگئے جبکہ کئی دوسرے زخمی ہوئے ہیں۔ پولیس نے یہ بات بتائی ۔ کہا گیا ہے کہ سنت نرنکاری اجتماع پر بائیک پر سوار افراد نے گرینیڈ پھینکا تھا ۔ یہ مذہبی اجتماع ادھیوالا گاوں میں ہو رہا تھا ۔ عینی شاہدین نے یہ بات بتائی ۔ حملہ میں آئی ایس آئی زیرسرپرستی خالصتانی دہشت گرد یا کشمیری دہشت گرد گروپ ملوث ہونے کا شبہ ظاہر کیا گیا ہے ۔ چیف منسٹر پنجاب امریندر سنگھ نے مہلوکین کے ورثہ کو فی کس 5 لاکھ روپئے ایکس گریشیا دینے کا اعلان کیا ۔ ایک سینئر پنجاب پولیس عہدیدار نے جائے واقعہ کا دورہ کرنے کے بعد کہا کہ کچھ افراد نے یہاں گرینیڈ پھینکے ہیں جن کے نتیجہ میں 5 تا 10 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ عہدیدار نے بتایا کہ اس حملہ میں تین افراد ہلاک ہوگئے ہیں اور کئی دوسروں کے زخمی ہونے کی بھی اطلاع ہے ۔ پنجاب میںجئیش محمد کے چھ تا سات دہشت گردوں کے گھس آنے کی انٹلی جنس اطلاع دی گئی تھی جس کے بعدیہاں سخت چوکسی اختیار کی گئی تھی ۔ پٹھان کوٹ میں گذشتہ ہفتے ایک شخص کا اغوا کرلیا گیا تھا اس کے بعد چوکسی میں مزید اضافہ کیا گیا تھا جس کے بعد آج یہ کارروائی ہوئی ۔ اس دوران چیف منسٹر کیپٹن امریندر سنگھ نے امرتسر گرینیڈ حملے کے بعد لا اینڈ آرڈر کی صورتحال کا جائزہ لیا ہے ۔پولیس کے بموجب امرتسر کے قریب راجا سانسی کے مقام پر نرنکاری بھون پر یہ حملہ کیا گے اہے ۔ کیپٹن امریندر سنگھ نے لا اینڈ آرڈر کی صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے معتمد داخلہ ‘ ڈی جی پی ‘ ڈی جی ( لا اینڈ آرڈر ) اور ڈی جی انٹلی جنس کو ہدایت دی کہ وہ راجا سانسی کے مقام کا دورہ کریں اور تحقیقات کی نگرانی کریں۔ ایک سرکاری ترجمان نے یہ بات بتائی ۔ چیف منسٹر کی ہدایت پر ریاست بھر میں نرنکاری بھونس پر سکیوریٹی میںاضافہ کردیا گیا ہے ۔ کیپٹن امریندر سنگھ نے مرنے والے افراد کے لواحقین کیلئے فی کس پانچ لاکھ روپئے ایکس گریشیا کا اعلان کیا ہے جبکہ زخمیوں کے مفت علاج کا بھی اعلان کیا گیا ۔ اس دوران مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے چیف منسٹر پنجاب امریندر سنگھ سے فون پر بات چیت کی اور امرتسر میں ہوئے گرینیڈ حملے کے بعد کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا ۔ اس حملے میں تین افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔ انہوں نے اس حملے کے مرتکبین کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا عہد کیا ۔