الیکشن کمیشن نے آر کے نگر ضمنی الیکشن رد کیا

چینائی 10اپریل (سیاست ڈاٹ کام) ٹاملناڈو کی آر کے نگر اسمبلی سیٹ پر 12 اپریل کو ہونے والے اسمبلی کے ضمنی انتخاب کو الیکشن کمیشن نے رد کردیا ہے ۔ووٹروں کو متاثر کرنے کیلئے پیسہ کے استعمال کی شکایت اور ریاست کے وزیر صحت سی وجے بھاسکر کے گھر انکم ٹیکس کے چھاپہ میں ضبط ہوئے کالے دھن کی خبروں کے بعد کل رات گئے کمیشن نے یہ فیصلہ کیا۔چیف الیکشن کمشنر ڈاکٹر نسیم زیدی اور الیکشن کمشنر او پی راوت اور اے کے جیوتی کے دستخط والے اس حکم میں کہا گیا ہے کہ آئین کے ضابطہ 324 کے تحت عوامی نمائندگی ایکٹ 1951 کے 150، 30 اور56 کے سیکشن، اور جنرل لاء ایکٹ ، 1897 کی دفعہ 21 کے تحت کمیشن اپنے اختیارات کا استعمال کرکے 16 مارچ کو جاری نوٹیفکیشن کے فیصلہ کو رد کرتا ہے ۔حکم میں کہا گیا، ‘اس فیصلہ کے ساتھ ہی آر کے نگر اسمبلی حلقہ، ضلع الیکٹورل افسر، چینائی ضلع اور متعلقہ تمام دیگر الیکٹورل افسروں کے اختیارات کو رد کیا جاتا ہے ۔گزشتہ سال 5 دسمبر کو ریاست کی سابق وزیر اعلی جے جیہ للتا کی موت کی وجہ سے یہ سیٹ خالی ہوئی تھی۔