اقلیتی قائدین کو دونوں ریاستوں میں کانگریس کے استحکام کا مشورہ

حیدرآباد /27 فروری (سیاست نیوز) مرکزی وزیر جے رام رمیش نے کانگریس کے اقلیتی قائدین کو تلنگانہ اور سیما۔ آندھرا میں پارٹی کے استحکام میں اہم رول ادا کرنے کا مشورہ دیا۔ آج گاندھی بھون میں آندھرا پردیش کانگریس اقلیت ڈپارٹمنٹ کے ریاستی عاملہ اور اضلاع صدور کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں مرکزی وزیر نے تلنگانہ اور سیما۔ آندھرا کے اقلیتی قائدین بالخصوص مسلم قائدین سے علحدہ ملاقات کی اور ریاست کی تقسیم پر رائے طلب کی۔ دونوں علاقوں کے قائدین نے ریاست کی تقسیم کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ اس سے اقلیتیں خوش ہیں، کیونکہ دونوں علاقوں میں مسلمانوں کو ترقی کے زیادہ سے زیادہ مواقع دستیاب ہوں گے۔ صدر پردیش کانگریس اقلیت ڈپارٹمنٹ محمد سراج الدین نے آندھرا پردیش میں اقلیتوں بالخصوص مسلم اقلیت کے مسائل پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ریاست میں مسلمانوں کو تعلیم اور ملازمتوں میں 4 فیصد تحفظات حاصل ہے، لہذا ریاست کی تقسیم کے بعد بھی دونوں علاقوں میں یہ تحفظات برقرار رکھا جائے اور سیاسی تحفظات پر غور کیا جائے۔ انھوں نے کہا کہ اقلیتی بجٹ 1027 کروڑ روپئے ہے، لہذا دونوں ریاستوں میں اتنا ہی اقلیتی بجٹ برقرار رکھا جائے اور ہر سال اس میں اضافہ کے علاوہ بجٹ کے استعمال کی نگرانی کے لئے خصوصی کمیٹی تشکیل دی جائے۔ انھوں نے کہا کہ انتخابات میں دونوں ریاستوں میں آبادی کے تناسب سے اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں کو اسمبلی اور لوک سبھا کے ٹکٹ دیئے جائیں اور انھیں کامیاب بنانے کی ذمہ داری قبول کی جائے۔ انھوں نے پارٹی کے انتخابی منشور کے لئے چند تجاویز پیش کیں، جس پر جے رام رمیش نے ہمدردانہ غور کا تیقن دیا۔

قبل ازیں عاملہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے محمد سراج الدین نے کہا کہ اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں کو فرقہ پرست بی جے پی اور نریندر مودی سے ڈرنے یا گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے، کیونکہ فرقہ پرستی کے مقابل سونیا گاندھی چٹان کی مانند کھڑی ہیں اور راہول گاندھی سارے ملک کا دورہ کرتے ہوئے کانگریس کو مستحکم کر رہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ وہ بہت جلد تلنگانہ اور سیما۔ آندھرا کا دورہ کریں گے۔ انھوں نے کانگریس اقلیت ڈپارٹمنٹ کے اضلاع صدور اور دیگر قائدین کو مشرہ دیا کہ وہ اپنے اضلاع میں اقلیتوں کے مسائل پر کوئی سمجھوتہ نہ کریں، بلکہ مسلمانوں کے مسائل پیش کرتے ہوئے انھیں حل کرانے میں کلیدی رول ادا کریں اور پارٹی استحکام کیلئے کام کریں۔ انھوں نے بتایا کہ گزشتہ 8 برسوں سے انھوں نے ریاست کے تینوں علاقوں کے کانگریس قائدین کو انصاف دلانے کی ہرممکن کوشش کی اور مرکزی و ریاستی حکومتوں کی فلاحی اسکیموں کے بارے میں اقلیتوں کا شعور بیدار کرنے جدوجہد کی۔ اس موقع پر کانگریس ایم ایل سی محمد فاروق حسین، صدر نشین اقلیتی مالیاتی کارپوریشن ہدایت علی، سکریٹری پردیش کانگریس سید یوسف ہاشمی، نائب صدر اقلیت ڈپارٹمنٹ میر ہادی علی کے علاوہ دیگر قائدین پرویز، خواجہ ذاکرالدین، خواجہ غیاث الدین، محمد امجد، جمال شریف (ورنگل)، جواد (مشرقی گوداوری)، محمد ساجد (عادل آباد)، محمد انور (کرشنا)، محمد قاسم (مغربی گوداوری)، حسین (وشاکھا پٹنم)، غیاث (چتور)، قادر (کریم نگر)، ڈاکٹر نسیم (گنٹور) اور دیگر موجود تھے۔