اقلیتی ترقیاتی پروگراموں پر شعور بیداری اجلاس

کریم نگر میں ضلعی عہدیداروں کی جانب سے معلومات کی فراہمی
کریم نگر ۔ 21 مئی ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) مسلمانوں کو درپیش مختلف مسائل کی یکسوئی کیلئے مجھ سے ربط پیدا کیا جائے تو میں حتی المقدور ڈسٹرکٹ کلکٹر کے علم میں لاکر ان کی یکسوئی کی کوشش کروں گا ۔ بچوں کی تعلیم کے حصول کی دشواری ہوکہ وظیفہ جات کا مسئلہ ہو ، اردو مدارس میں ٹیچروں کے تقررات ہو یا کوئی اور مسئلہ ہو 15نکاتی پروگرام کی موثر عمل آوری ہو یا اقلیتی طبقات کی ترقی کے سلسلے میں حکومت کے شروع کردہ پروگرام کی جانکاری و استفادہ بنکوں سے قرضوں کا حصول ، صنعتوں کے قیام میں رہبری و سہولتیں ، مختلف ملازمتوں میں تقررات کیلئے حکومت کے تعاون سے تربیت کاانتظام ، رہائشی مکانات یا ایسے مقامات و سلم علاقہ جات کی ترقی جہاں مسلم غریب طبقات آباد ہیں ۔ ان تمام تر مسائل کی یکسوئی کیلئے حکومت کوشاں ہے، ڈسٹرکٹ ریونیو آفیسر کریم نگر کے کرشنا ریڈی نے یہ بات کہی وہ مانیر گارڈن میں مسلم ایجوکیشنل سوسائٹی کریم نگر کے زیراہتمام ضلع سطح پر منعقدہ اجلاس عام کو مخاطب کررہے تھے ۔ اس شعور بیداری پروگرام میں قبل ازیں اقلیتی فینانس کارپوریشن ای ڈی سپت گیری نے ان کے محکمہ کی جانب سے کون کون سی طرح کی سہولتوں سے استفادہ کیا جاسکتا ہے تفصیلات بیان کیں۔ اسی طرح آروگیہ شری کے ضلع کوآرڈینیٹر کرشنا نے طبی سہولتوں سے استفادہ کے سلسلے میں معلومات پیش کئے ۔ رادھما نے حاملہ خواتین کو دی جارہی سہولتوں سے واقف کروایا ۔ ایم آر او نے ووٹر لسٹ میں ناموں کااندراج ، راشن کارڈ کے حصول وغیرہ کے طریقہ کار سے واقف کروایا ۔ حیدرآباد سے تشریف لائے ہوئے جناب اقبال محی الدین آندھراپردیش اقامتی اسکول کوآرڈینیٹر نے جو فی الحال 24 اقامتی اسکولس کے نگرانکار ہیں مسلم ایجوکیشنل سوسائٹی کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ مسلمانوں کو احساس کمتری ، مایوسی کا شکار نہ ہونا چاہئے بلکہ ہمت و جوش کے ساتھ اپنی مادری زبان میں تعلیم حاصل کرتے ہوئے آگے بڑھنا چاہئے ۔ انھوں نے کہاکہ میں نے پہلے قرآن مجید حفظ کیا بعد ازاں دنیوی تعلیم کی طرف توجہ دی ۔ انھوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا یہ تمام تر سرکاری خرچہ سے چلائے جارہے ان اقامتی اسکولس میں بہت ساری نشستیں خالی ہیں۔ انھوں نے مالی دشواریوں میں گھرے مسلمانوں سے اپنے بچوں کو ان اقامتی اسکولس میں داخل کرنے کی سفارش کی ۔ ایجوکیشنل سوسائٹی کے نائب صدر محمد اختر علی نے اس اجلاس عام کے اغراض و مقاصد اور سوسائٹی کی کارکردگی کی رپورٹ پیش کی ۔ سکریٹری ظہور خالد نے کارروائی چلائی ۔ محمد مظفرالدین احمد انجینئر نے صدارت کی ۔ اطلاعات و تعلقات عامہ ضلع آفیسر جے رام ، جنگیا ، نعیم الدین ساجد ، فخرالزماں ، محمد عبدالصمد نواب ، شیخ ابوبکر خالد سوسائٹی خازن وغیرہ شریک تھے ۔ ضلع کے مختلف مقامات سے مرد و خواتین کی کثیرتعداد نے شرکت کی اور حکومت کی اسکیمات کیا کیا ہیں اور اس سے کس طرح سے استفادہ کیا جاسکتا ہے اسے اپنے طریقہ پر نوٹ بھی کرتے ہوئے دیکھا گیا ۔ شدید گرمی کی شدت کے باوجود کریم نگر کے مختلف مقامات سے مسلمانوں کی بھاری تعداد نے اس شعور بیداری پروگرام میں شرکت کی اور جلسہ کے اختتام پر بہت سارے افراد نے ڈی آر آو و کوآرڈنیٹر سے ملاقات کی ۔