اقلیتی بہبود کیلئے مختص کردہ بجٹ کو مکمل خرچ کرنے کی ہدایت

سکریٹری سید عمر جلیل کا جائزہ اجلاس، اسکیمات پر عمل کو تیزی پیدا کرنے کی حکمت کو قطعیت
حیدرآباد۔ /31اکٹوبر، ( سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت نے اقلیتی بہبود کیلئے جو بجٹ مختص کیا ہے اس کے مکمل خرچ کو یقینی بنانے سکریٹری اقلیتی بہبود نے عہدیداروں کو ہدایت دی ہے۔ سکریٹری سید عمر جلیل نے آج اقلیتی بہبود کے اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ اجلاس منعقد کرتے ہوئے اقلیتی بہبود کے بجٹ، اجرائی اور خرچ کا جائزہ لیا۔ انہوں نے عہدیداروں سے کہا کہ بجٹ کے خرچ اور اسکیمات پر عمل آوری کی رفتار میں تیزی پیدا کی جائے۔ انہوں نے شہر اور اضلاع میں مختلف اسکیمات کیلئے جاری کئے گئے بجٹ اور خرچ کی تفصیلات پیش کرنے اقلیتی اداروں کے ذمہ داروں کو ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ جن اسکیمات پر ابھی تک بجٹ خرچ نہیں کیا گیا ان کی علحدہ نشاندہی کی جائے تاکہ آئندہ بجٹ میں اس کے متبادل کوئی اسکیم تیار کی جاسکے۔ سید عمر جلیل نے مرکزی اسکیم  MSDP کے تحت ابھی تک جاری کئے گئے فنڈز اور ان کے خرچ کے بارے میں ضلع واری سطح پر تفصیلات پیش کرنے کا مشورہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ حکومت چاہتی ہے کہ جو بجٹ مختص کیا گیا ہے اس کا بہتر سے بہتر استعمال ہو اور اسکیمات کے فوائد حقیقی مستحقین تک پہنچیں۔ انہوں نے عہدیداروں سے کہا کہ وہ اسکیمات میں شفافیت پر بھی خصوصی توجہ مرکوز کریں کیونکہ بعض اسکیمات کے سلسلہ میں شکایات وصول ہوئی ہیں۔ انہوں نے خاص طور پر ’ شادی مبارک ‘ اسکیم کے تحت اب تک جاری کی گئی رقم اور استفادہ کنندگان کے بارے میں تفصیلات طلب کی ہیں۔ سید عمر جلیل نے بتایا کہ ریاستی حکومت اقلیتی بہبود کیلئے بعض نئی اسکیمات کے آغاز کا منصوبہ رکھتی ہے۔ جاریہ سال اقلیتی بہبود کے بجٹ کے خرچ اور اسکیمات پر عمل آوری کو دیکھتے ہوئے آئندہ سال بجٹ کا تعین کیا جائے گا۔ ڈائرکٹر اقلیتی بہبود جلال الدین اکبر، ڈائرکٹر اردو اکیڈیمی پروفیسر ایس اے شکور اور دیگر عہدیداروں نے اپنے اپنے اداروں میں بجٹ کے خرچ کی تفصیلات پیش کیں۔ حکومت نے اقلیتی طلباء کو پیشہ ورانہ کورسیس اور مسابقتی امتحانات میں ٹریننگ کیلئے جو اسٹڈی سنٹر قائم کیا ہے اس کیلئے مختص کردہ بجٹ کے خرچ کا ابھی تک آغاز نہیں ہوا۔ انہوں نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ اسٹڈی سنٹر کا علحدہ اکاؤنٹ جلد سے جلد کھول دیں تاکہ اسٹڈی سنٹر کی کارکردگی کا آغاز ہوسکے ۔ انہوں نے یوم اقلیتی بہبود کی تقاریب کے سلسلہ میں بھی عہدیداروں کو ضروری ہدایات جاری کی ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ آٹو رکشاء اسکیم کے استفادہ کنندگان کے انتخاب میں تاخیر کے سبب 11نومبر کو آٹو رکشاء کی اجرائی ممکن نہیں ہے لہذا اس کے لئے علحدہ تقریب منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔