اقلیتوں کے مسائل ہائی کمان سے لے کر حکومت تک پہنچاؤں گا : ندیم جاوید

نئی دہلی : کانگریس کے قومی ترجمان ندیم جاویدکو اب کانگریس صدر راہل گاندھی کی جانب سے بڑی ذمہ داری سونپی گئی ہے ۔ انہیں آل انڈیا کانگریس کمیٹی اقلیتی شعبہ کا قومی صدر مقررکیاگیا ہے۔

کانگریس کے جنرل سکریٹری اشوک گہلوت کی جانب سے جاری پریس نوٹ میں اطلاع دی گئی ہے کہ خورشید احمد سید کی جگہ اب قومی کانگریس اقلیتی شعبہ کی ذمہ داری راہل گاندھی نے ندیم جاوید کو سونپی ہے ۔

اس سے قبل ندیم جاوید آل انڈیا کانگریس کمیٹی طلبہ ونگ این ایس یو آئی کے قومی صدر او ریوتھ کانگریس کے جنرل سکریٹری رہ چکے ہیں ۔وہ ۲۰۱۲ء میں جون پور سے کانگریس کی ٹکٹ پر رکن اسمبلی منتخب ہوئے ۔ان دنوں ندیم جاوید کانگریس کے قومی ترجمان اپنی خدمات انجام دے رہے ہیں ۔

او رنیوز چینلس پر کانگریس کی نمائندگی کرتے دکھائی دیتے ہیں ۔ندیم جاوید وہ واحد مسلم نوجوان ہیں جو اتنی کم عمر میں کانگریس اقلیتی شعبہ کے چیر مین بنے ہیں ۔

اقلیتی چیر مین بننے کے بعد ندیم جاوید ذرائع ابلاغ سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ کانگریس صدر راہل گاندھی نے ملک کی تقریبا ۲۵؍ کروڑ اقلیتوں کی جو ذمہ داری سونپی ہے اس کو فرض کے طور پر ادا کیا جائے گا ۔انھوں نے کہا کہ یہ ذمہ داری میرے لئے عبادت کی مانند ہے۔

انھوں نے کہا کہ اقلیتوں کے مسائل کو ہم کانگریس اعلی کمان سے لے کر مرکزی او رریاستی حکومتوں تک پہنچانے کا کام کریں گے ۔انھوں نے کہا کہ آج ملک میں جس طرح سے دلتوں او راقلیتوں پر حملہ کئے جارہے ہیں او ران کے حقوق پر حملہ ہورہے ہیں و ہ نہایت ہی افسوسناک اورقابل مذمت ہے۔

انھوں نے کہا کہ اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں میں کانگریس کے کھوئے ہوئے اعتماد کو بحال کرنا بھی ہماری ذمہ داری ہے ۔

او ر ہمیں امید ہے کہ ملت اسلامیہ ہند کی جانب سے ہمیں پورا تعاون حاصل ہوگا ۔