اقلیتوں کی فلاح و بہبود کیلئے ٹھوس اقدامات

نرمل میں مفت سلائی مشینوں کی تقسیم تقریب سے اندرا کرن ریڈی کا خطاب
نرمل۔/11اپریل، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ریاستی حکومت تاریخ ساز ترقیاتی کام کرتے ہوئے تلنگانہ کو ملک کی ریاستوں میں صف اول میں لاکھڑا کردیا بالخصوص حکومت اقلیتوں کی فلاح و بہبود کے لئے ٹھوس اقدامات کررہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار ریاستی وزیر امکنہ اے اندرا کرن ریڈی نے وائی ایس آر فنکشن ہال میں منعقدہ بلدی حدود میں حکومت کی جانب سے مفت سلائی مشینوں کی تقسیم تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیر موصوف نے بتایا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ ریاست کے تمام طبقات کی ترقی کے خوہاں ہیں اس لئے ہر طبقہ کی خوشحالی کے لئے ٹھوس قدم اٹھاتے ہوئے اسکیمات پر عمل آوری کررہے ہیں۔ اس تقریب کے مہمان خصوصی سید اکبر حسین صدرنشین ریاستی اقلیتی کارپوریشن نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ کے چندر شیکھر راؤ نے ریاست تلنگانہ کے مسلمانوں کی تعلیمی، معاشی حالت کو دیکھتے ہوئے ساری ریاست میں اسکولس کا جال بچھادیا جہاں بچوں کی تعلیم کے ساتھ ساتھ یونیفارم، معیاری غذا اور کتب کی فراہمی ایک کارنامہ ہے۔ اب خواتین کو خود مکتفی بنانے کے لئے ریاست کے ہر علاقہ میں سلائی مشین مفت سربراہ کئے جارہے ہیں۔ جبکہ آج نرمل بلدی حدود کے چھتیس وارڈز میں دو سو سے زائد سلائی مشین تقسیم کئے گئے۔ بہت جلد اقلیتی فینانس کارپوریشن کی جانب سے بے روزگار نوجوانوں کو روزگار سے مربوط کرتے ہوئے قرضہ جات کی عمل آوری کو یقینی بنایا جائے گا۔ انفارمیشن ٹکنالوجی کے اس دور میں ہر نوجوان کو موقع فراہم کرتے ہوئے حکومت اور بھی کئی کمپیوٹر سنٹرس کا قیام عمل میں لارہی ہے۔ سید اکبر حسین نے دعویٰ کیا کہ ملک کی کسی بھی ریاست میں اس انداز میں مسلمانوں کیلئے تعلیمی، سماجی، فلاحی کام صرف ریاست تلنگانہ میں وزیر اعلیٰ کے چندر شیکھر راؤ کی مستحکم قیادت میں ہورہے ہیں اور مستقبل میں بھی متعدد اسکیمات روشناس کرواتے ہوئے اس پر عمل آوری کی جائے گی۔ اس تقریب میں صدر نشین بلدیہ نرمل اے گنیش چکراورتی، ضلع کلکٹر ایم پرشانتی کے علاوہ دیگر شریک تھے۔