اعظم ترین عمر کی حد میں 10 سال تک کا استثنی

درج فہرست ذاتوں و قبائل کو 15 سال اور او بی سی امیدواروں کو 13 سال کی رعایت
نئی دہلی 29 جون ( سیاست ڈاٹ کام ) سماعت و بصارت سے محروم افراد اور دوسری جسمانی معذوریوں کا شکار افراد کو مرکزی حکومت کی ملازمتوں کے راست تقرر میں عمر کی حد میں 10 سال کی نرمی دی جائیگی ۔ اس کے علاوہ درج فہرست ذاتوں اور درج فہرست قبائل کے زمرہ میں آنے والوں کو مزید 15 سال اور دوسرے پسماندہ طبقات یس تعلق رکھنے والوں کو 13 سال کی نرمی دی جائیگی ۔ محکمہ پرسونل و ٹریننگ کے تیار کردہ نئے قوانین میں یہ بات بتائی گئی ہے ۔ نئے قوانین میں کہا گیا ہے کہ یہ نرمی صرف اسی صورت میں لاگو ہوگی جب درخواست گذار کی عمر 56 سال سے زیادہ نہیں ہونی چاہئے ۔ قبل ازیں قبل ازیں زیادہ سے زیادہ عمر کی حد میں پانچ سال کی رعایت تھی ( یہ رعایت ایس سی ایس ٹی زمرہ کیلئے 10 سال اور او بی سی کیلئے 8 سال تھی ) ۔ یہ رعایت بھی گروپ اے اور بی کے عہدوں میں کھلے مسابقی امتحان کے علاوہ تھی ۔ ائمپلائمنٹ ایکسچینج کے ذریعہ جو تقررات عمل میں لائے جاتے ہیں ان کیلئے زیادہ سے زیادہ عمر کی حد میں 10 سال کی رعایت کی گنجائش گروپ سی اور گروپ ڈی جائیدادوں کیلئے تھی ۔ جو نئے قوانین تیار کئے گئے ہیں ان میں کہا گیا ہے کہ ان افراد کیلئے جو بصارت سے محروم ہیں یا کم دیکھتے ہیں ‘ جو سماعت سے محروم یا کم سنتے ہیں یا پھر معذوری کے دوسرے زمرہ میں آنے والوں کیلئے سیول پوسٹ یا سروسیس پوسٹ کے تحت مرکزی حکومت میں تقررات کیلئے زیادہ سے زیادہ عمر کی حد میں 10 سال کی رعایت دی جائیگی ۔ یہ رعایت درج فہرست ذاتوں اور قبائل کیلئے 15 سال اور او بی سی امیدواروں کیلئے 13 سال ہوگی ۔ عمر کی حد میں جو رعایت دی جا رہی ہے اس پر تمام عہدوں کیلئے عمل ہوگا چاہے یہ جائیدادیں معذورین کیلئے محفوظ ہوں یا نہ ہوں۔ شرط یہ ہے کہ درخواست گذار اس جائیداد کی اہلیت رکھتا ہو۔ محکمہ پرسونل نے واضح کیا ہے کہ جو گنجائش فراہم کی جا رہی ہے وہ سیول سروسیس امتحانات کیلئے لاگو نہیں ہوگی ۔ سیول سروسیس امتحانات کیلئے جو مراعات و استثنی دیا جاتا ہے ان کی علیحدہ سے وضاحت کی جاچکی ہے ۔ رولس میں کہا گیا ہے کہ معذوری کے ساتھ ایک شخص جو عمر کی حد میں رعایت کا مستحق ہے اسے مرکزی حکومت کے ملازم کی حیثیت سے اس استثنی سے استفادہ کرسکتا ہے ۔ محکمہ نے وزارتوں اور محکمہ جات کو مشورہ دیا ہے کہ وہ ان مراعات و گنجائش سے مرکزی پبلک سرویس کمیشن ‘ اسٹاف سلیکشن کمیشن اور دوسری رکروٹنگ ایجنسیوں کو راست تقررات کے ضمن میں واقف کروادیں۔