اشیائے ضروریہ پر قابو پانے آندھرا حکومت پر وائی ایس آر کانگریس کا زور

حیدرآباد 31 اکٹوبر ( پی ٹی آئی ) وائی ایس آر کانگریس پارٹی نے آج آندھرا پردیش میں تلگودیشم حکومت سے کہا کہ وہ کسانوں کی پیداوار کی راست خریدی اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوں پر قابو پانے کے اقدامات کرے ۔ اپوزیشن جماعت نے اعلان کیا کہ وہ ریاست بھر میں ان مسائل پر سٹ ان اور دھرنا احتجاج منظم کریگی ۔ پارٹی کے سینئر لیڈر بوتسہ ستیہ نارائنا نے کہا کہ کسان اور صارفین کو اقل ترین امدادی قیمت معمول سے کم ہونے کی وجہ سے مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ سے عام آدمی کو مشکلات پیدا ہو رہی ہیں اس کے باوجود تلگودیشم حکومت کی اس جانب کوئی توجہ نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت زرعی شعبہ کو مکمل نظر انداز کرچکی ہے اور کسانوں کو بینک قرض ‘ ناکافی بارش ‘ کھادوں کی قیمتوں میں اضافہ کی وجہ سے مشکلات کا سامنا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ درمیانی آدمی کو ختم کرتے ہوئے زرعی پیداوار کی راست خریدی کیلئے اقدامات کرنے چاہئیں۔