اسمبلی سشن میں 11 جنوری تک توسیع

کاروباری مشاورتی کمیٹی کا فیصلہ ۔ مزید توسیع کا بھی امکان
حیدرآباد 30 ڈسمبر ( این ایس ایس ) اپوزیشن جماعتوں کے مسلسل بائیکاٹ کی وجہ سے ناراض برسر اقتدار پارٹی نے آج تلنگانہ قانون ساز اسمبلی کے اجلاس میں مزید چھ دن کی توسیع کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ ایوانکی کارروائی 3 تا 11 جنوری بھی جا ری رہے گی ۔ اس دوران چھ دن ایوان کا اجلاس منعقد ہوگا ۔ ایوان کی کاروباری مشاورتی کمیٹی کے فیصلے کے مطابق اسمبلی اجلاس 3 , 4 , 5 , 6 , 9  اور 11 جنوری کو بھی منعقد ہوگا ۔ ایسا لگتا ہے کہ یہ فیصلہ اپوزیشن کانگریس پارٹی کو ٹھنڈا کرنے کی کوشش ہے جو جارحانہ تیور اختیار کر رہی ہے اور اس کا مطالبہ ہے کہ ایوان میںاس کی آواز سنی جائے ۔ آج ایوان کی کارروائی ملتوی ہونے کے بعد اسپیکر کے چیمبر میں کاروباری مشاورتی کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں اسمبلی سشن میں ایک ہفتے کی توسیع کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ یہ امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے کہ کمیٹی کا اجلاس 11 جنوری کو دوبارہ منعقد ہوگا اورا س وقت بھی سشن میں مزید توسیع کے تعلق سے غور کیا جاسکتا ہے تاکہ کچھ اہم مسائل پر تبادلہ خیال کیا جاسکے ۔ یہ اسی وقت ممکن ہے جب اسپیکر ایس مدھوسدن چاری ‘ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی ایما پر ایسا کریں۔ واضح رہے کہ جمعرات کو ایوان کی کارروائی کا تمام اپوزیشن جماعتوں کانگریس ‘ تلگودیشم اور سی پی ایم نے بائیکاٹ کیا تھا ۔ کانگریس پارٹی جمعہ کو بھی ایوان کی کارروائی سے غیر حاضر رہی ہے ۔ کانگریس کے سینئر لیڈر کے وینکٹ ریڈی نے میڈیا سے کہا کہ انکی پارٹی کے ارکان نے جمعہ کو اس لئے کارروائی کا بائیکاٹ کیا کیونکہ حکومت کی جانب سے انہیں حصول اراضیات قانون پر اظہار خیال کا موقع نہیں دیا گیا ۔ آج منعقدہ اجلاس میں چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ ‘ وزیر فینانس ایٹالہ راجندر ‘ ڈپٹی چیف منسٹر کے سری ہری ‘ وزیر آبپاشی ہریش راؤ قائد اپوزیشن جانا ریڈی ‘ بی جے پی لیڈر جی کشن ریڈی ‘ مجلس کے اکبر اویسی ‘ سی پی ایم کے ایس راجیا نے شرکت کی ۔ 3 جنوری کو جب اسمبلی کا اجلاس شروع ہوگا ایوان میں فشریز ڈیولپمنٹ کے مسئلہ پر 4 جنوری کو فیس ری ایمبرسمنٹ کے مسئلہ پر 5 جنوری کو سنگارینی کالریز کے مسئلہ پر اور 6 جنوری کو ایس سی اور ایس ٹی کے مسائل پر تبادلہ خیال ہوگا ۔