اسمبلی انتخابات میں مقابلہ کی خواہش نہیں تھی : وجئے شانتی

ہائی کمان نے مجھے نظر انداز نہیں کیا ‘ انتخابی مہم کی بھاری ذمہ داری ‘ اسٹار کمپینر کا بیان

حیدرآباد 13 نومبر (سیاست نیوز) کانگریس کی شعلہ بیان مقرر وجئے شانتی نے کہاکہ وہ اسمبلی انتخابات میں مقابلہ کرنے کی خواہشمند نہیں تھیں۔ ہائی کمان پر انھیں نظرانداز کرنے کا جو الزام عائد کیا جارہا ہے وہ بے بنیاد ہے۔ کانگریس پارٹی ہائی کمان نے انھیں اسٹار کمپینر بناتے ہوئے بڑی ذمہ داری سونپی ہے۔ وہ پارٹی کے تمام امیدواروں کی انتخابی مہم چلاتے ہوئے ان کی کامیابی میں اہم رول ادا کرنا چاہتی ہیں جس کی وجہ سے وہ خود کو اسمبلی انتخابات سے دور رکھ رہی ہیں۔ جبکہ حقیقت یہ ہے کہ کانگریس پارٹی نے انھیں مقابلہ کرنے کا مشورہ دیا تھا جس کو انھوں نے ہی قبول نہیں کیا۔ اس میں ہائی کمان کا کوئی رول نہیں ہے اور نہ ہی ہائی کمان کے بارے میں غلط تاثر دینے کی ضرورت ہے۔ واضح رہے کہ پیر کی رات میں کانگریس ہائی کمان نے تلنگانہ کانگریس کے 65 امیدواروں کی پہلی فہرست جاری کی تھی جس میں کئی قائدین کے نام غائب ہیں اور کئی قائدین ناراض بھی ہیں۔ جس پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے وجئے شانتی نے کہاکہ عظیم اتحاد کی تشکیل اور چند نشستوں کو حلیف جماعتوں میں تقسیم کرنے سے پارٹی قائدین سے ناانصافی ہوئی ہے۔ تاہم عظیم اتحاد کے تقاضوں کو بھی پورا کرنا ضروری ہے۔ انھیں یقین ہے بہت جلد ناراضگیاں ختم ہوجائیں گی اور تمام قائدین پارٹی امیدواروں کی کامیابی کے لئے متحدہ طور پر کام کریں گے۔ ٹی آر ایس حکومت اپنے وعدوں کو پورا کرنے، غربت کا خاتمہ کرنے، مجاہدین کے ارکان خاندان سے انصاف کرنے میں پوری طرح ناکام ہوگئی جس کی وجہ سے عوام میں ناراضگی پائی جاتی ہے۔ کانگریس پارٹی عظیم اتحاد میں شامل حلیف جماعتوں کے تعاون سے حکومت تشکیل دینے کے لئے مکمل اکثریت حاصل کرے گی۔ اقتدار حاصل کرنے کے بعد عوام سے جو بھی وعدے کئے جارہے ہیں اُنھیں پورا کیا جائے گا۔ ٹی آر ایس کے دور حکومت میں جو بھی بدعنوانیاں اور بے قاعدگیاں ہوئی ہیں اس کی اعلیٰ سطحی تحقیقات کروائی جائیں گی۔