اسماویہ کی ازدواجی اننگز کا آغاز

ملتان ۔31ڈسمبر(سیاست ڈاٹ کام) پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی بولر اسماویہ اقبال شادی کے بندھن میں بندھ گئیں۔ ان کی شادی پاکستان اے کی جانب سے کھیلنے والے کرکٹر عبدالرحمن مزمل سے ملتان میں ہوئی۔ عروسی تقریب میں ویمنس ٹیم کی کھلاڑیوں نے شرکت کی اور ساتھی کھلاڑی کو مبارک باد کے ساتھ بھرپور طریقے سے اس کی خوشیوں کو دوبالا کیا جبکہ شادی میں پاکستان اے کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی بھی نمایاں دکھائی دیئے۔ پاکستان کے سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے بھی شادی میں شریک ہوکر اسماویہ کو مبارکباد دی۔ واضح رہے کہ پاکستانی آل راونڈر اسماویہ اقبال 2005ء سے کرکٹ کھیل رہی ہیں اور اب تک 92 بین الاقوامی مقابلوں میں پاکستان کی نمائندگی کرچکی ہیں جبکہ وہ ٹی ٹونٹی کرکٹ میں ہیٹ ٹرک کرنے والی پہلی خاتون کھلاڑی ہونے کا منفرد اعزاز بھی رکھتی ہیں۔