اسلام میں غرباء‘ ضعیف اور غلاموں کو اونچا مقام ‘ ڈاکٹر رضوانہ زرین کا خطاب

حیدرآباد۔31اگست ( راست) جامعتہ المومنات مغلپورہ حیدرآباد میں منعقدہ خواتین کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر مفتیہ رضوانہ زرین مومناتی پرنسپل جامعتہ المومنات نے کہا کہ اسلام میں رسول اکرم ﷺ نے غرباء و مساکین‘ ضعیف اور کمزروں‘ غلاموں کو بہت اونچا مقام دیا ہے اور ان کی حوصلہ افزائی کی ہے ۔ خود آپﷺ ان لوگوں سے محبت کرتے اور دوسروں کو بھی ان سے محبت کرنے کا حکم دیتے تھے ۔حضورﷺ نے فرمایا کہ فقراء سے محبت کرو اور ان کے ساتھ اٹھا بیٹھا کرو ‘ آپﷺ نے فرمایا کہ مخلوق میں اللہ کے نزدیک سب سے زیادہ افضل انبیاء کرام ہیں ۔ مفتیہ رضوانہ زرین نے مزید کہا کہ دور جاہلیت میں غرباء و مساکین اور ضعیف و ناتواں کی کوئی حیثیت نہیں تھی ۔ اس معاشرہ میں ان کا کوئی مقام نہیں تھا اور وہ غلامی سے بھی بدتر زندگی بسر کررہے تھے جب اسلام کا سورج طلوع ہوا اور آپﷺ نے اللہ تعالیٰ کے دین کو لوگوں تک پہنچایا تو سب سے پہلے فقراء نے ہی آپ ؐ کی دعوت پر لبیک کہا اور آپﷺ کی ہر بات پر عمل کرنے ہی میں اپنی سعادت سمجھا لیکن دولت مند کفار ان سے نفرت کرتے تھے وہ ان کے پاس بیٹھنا بھی گوارا نہیں کرتے تھے ۔