اسرائیل کا یونیسکو کی رکنیت سے دستبرداری کا اعلان

پیرس۔ 30ڈسمبر۔(سیاست ڈاٹ کام) اسرائیل نے اقوام متحدہ کے ثقافتی اور تعلیمی ادارے (یونیسکو) کو باضابطہ طور پر یہ مطلع کر دیا ہے کہ وہ 31 دسمبر 2017 ء سے اس ادارے کا رکن نہیں رہے گا۔اسرائیل نے پہلے ہی یہ اعلان کر دیا تھا کہ وہ یہودی ملک کی تنقید کرنے والی قراردادوں پر امریکہ کی جانب سے یونیسکو کی رکنیت چھوڑنے کی تقلید کرے گا۔یونیسکو کے سربراہ آندرے اجولے نے اس بات کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ انہیں جمعہ کو باضابطہ طور پر بتایا گیا کہ اسرائیل 31 دسمبر 2017 ء کو یونیسکو کی رکنیت چھوڑ دے گا۔واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی جانب سے یروشلم کو اسرائیل کے دارالحکومت کے طور پر تسلیم کئے جانے کے فیصلے کے خلاف اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی ایک قرارداد میں 21 دسمبر کو ووٹنگ ہوئی تھی جس میں ہندستان سمیت 100 سے زائد ممالک نے امریکہ سے اس فیصلے کو واپس لینے کی اپیل کی تھی۔