ارکان حج کی صحیح طریقہ سے ادائیگی ضروری

کریم نگر میں عازمین حج کے تربیتی اجتماع سے رفیع الدین فاروقی کا خطاب
کریم نگر۔/31جولائی، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) حج اسلام کا اہم ترین رکن ہے، حج کی تاریخ حضرت ابراہیم علیہ السلام سے شروع ہوتی ہے۔ حضرت ابراہیم ؑ نے عراق میں جبکہ ہر طرف کفر و شرک کا دور تھا اس وقت حق کی دعوت دی۔ بعد ازاں اپنے فرزند حضرت اسمعیل علیہ السلام کے ساتھ مل کر خانہ کعبہ کی تعمیر کی، اس کے بعد خانہ کعبہ کے طواف کی دعوت دینے کو کہا گیا۔ جناب رفیع الدین فاروقی ریسرچ اسکالر اسلامک اسٹڈیز حیدرآباد نے یہاں جماعت اسلامی کریم نگر کے زیر اہتمام عازمین حج کے تربیتی پروگرام کو پروجیکٹر کے ذریعہ پیش کرتے ہوئے کہا۔ میٹر وفنکشن ہال میں منعقدہ تربیتی اجتماع کی صدارت مقامی صدر جماعت اسلامی محمد خیر الدین نے کی۔ شہ نشین پر مفتی محبوب شریف نظامی اور سید محی الدین نمائندہ’سیاست‘ اور ابو جندل موجود تھے۔ تربیتی پروگرام کا آغاز سورہ رحمن کی تلاوت مرزا توحید علی بیگ طالب علم اور ضیاء الحق کے ترجمہ سے ہوا۔ ڈاکٹر رفیع الدین نے کہا کہ جن کے پاس دولت اور صحت ہے تو حج کا عزم کرے۔ استطاعت رکھنے کے باوجود حج نہ کرنے پر اللہ تعالیٰ کا فرمان ہے کہ وہ چاہے یہودی ہوکر مرے یا نصرانی ہوکر مرے۔ حج کی فضیلت پر روشنی ڈالی، مناسک حج کیا ہیں اسے پیش کیا۔ حج کرنے سے قبل حقوق العباد کی ادائیگی ضروری ہے اور حلال مال ہونا ضروری ہے۔ احرام، قربانی، صفا و مروہ وغیرہ کے تعلق سے تفصیلات پیش کیں۔ ریاض علی رضوی نے جو مسائل عازمین حج کو پیش آتے ہیں اس تعلق سے بیان کیا اور بتایا کہ حج سم کارڈ حج ہاوز میں دیا جاتا تھا امسال مکہ میں ہی فنگر پرنٹ کے بعد حوالے کیا جائے گا۔ اس سال 35 ہزار عازمین حج کو ریل کے ذریعہ سفر کرنے کی سہولت ہوگی اور اس کے علاوہ بس کے ذریعہ سفر کی سہولت دی گئی ہے۔ محبوب شریف نظامی نے مناسک حج کا صحیح طریقہ سمجھایا۔ قبل ازیں جناب خیر الدین نے خیرمقدمی کلمات کہے۔