ارشد ایوب کی مانو میں منعقدہ تقریب میں شرکت

حیدرآباد، 31؍مارچ (پریس نوٹ) وہ دن گئے جب کھیل کود کو نقصاندہ تصور کیا جاتاتھا۔ آج نوجوان کھیل کود کی دنیا میں نمایاں کامیابی کے ذریعہ اپنا اور اپنے ملک کا نام روشن کر رہے ہیں۔ کسی بھی کھیل میں پروفیشنل کھلاڑی بننے کے لیے کڑی محنت، مسلسل توجہ اور جدو جہد ضروری ہیں۔ ان خیالات کا اظہار سابق ٹسٹ کرکٹر ارشد ایوب نے مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی میں سالانہ تقریب تقسیم انعامات میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ڈاکٹر محمد اسلم پرویز، وائس چانسلر نے صدارت کی۔ انہوں نے یونیورسٹی میں اسپورٹس زمرے میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے والے طلبہ بطور خاص جوڈو چمپئن حسن علی باوزیر اور باڈی بلڈنگ چمپئن محمد اسلم کو انعامات سے نوازا۔ ڈاکٹر محمد اسلم پرویز نے صدارتی خطاب میں اس نوعیت کے پہلے پروگرام کے انعقاد پر منتظمین کی ستائش کی۔ انہوں نے کہا کہ ارشد ایوب جیسی نامور شخصیت کی موجودگی یقینا طلبہ کی حوصلہ افزائی کا باعث بنے گی۔ وائس چانسلر نے تعلیمی میدان میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلبہ، آزاد ٹیک فیسٹ میں حصہ لینے والے، این ایس ایس اور این سی سی میں بہترین کارکردگی کے حامل طلبہ میں انعامات تقسیم کیے۔پروگرام میں یونیورسٹی میں اور یونیورسٹی کے باہر اوّل مقام حاصل کرنے والے تقریباً 120 طلبہ میں انعامات تقسیم کیے گئے۔ بڑی تعداد میں طلبہ اور تدریسی و غیرتدریسی عملہ کے اراکین نے اس رنگا رنگ تقریب شرکت کی۔