اراضی بل میں تبدیلی کیلئے حکومت کے اشارے

نئی دہلی ۔ 25 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) حکومت نے آج تازہ اشارے دیئے کہ متنازعہ اراضی بل میں تبدیلیاں کی جاسکتی ہیں تاکہ کسانوں کے مفاد کو شامل کیا جاسکے کیونکہ این ڈی اے کی ایک اور شریک جماعت ایل جے پی اس قانون سازی کی دفعات کے بارے میں تحفظات ظاہر کرنے میں دیگر گوشوں ساتھ شامل ہوگئی ہے۔ اپوزیشن نے لوک سبھا سے واک آوٹ کرتے ہوئے اپنا دباؤ برقرار رکھا جبکہ کانگریس نے اس بل کی مخالفت کرتے ہوئے دہلی کی سڑکوں پر احتجاج کیا اور ملک بھر میں ایجی ٹیشن چلانے کی دھمکی دی۔ شیوسینا کے بعد رام ولاس پاسوان زیرقیادت ایل جے پی جو مودی حکومت کا حصہ ہے، اس نے بھی اس قانون کے بعض دفعات کے بارے میں تشویش ظاہر کی اور حکومت کی طرف سے زیادہ وضاحت کا مطالبہ کیا۔ چونکہ حکومت کو اندرون اور بیرون سے دباؤ کا سامنا ہے، جس لئے دو سینئر وزراء نے آج کہا کہ حکومت اپوزیشن کی تجاویز پر غوروخوض اور کسانوں سے کسی بھی ناانصافی کو روکنے کیلئے بڑھ چڑھ کر اقدام کرنے کیلئے تیار ہے۔