ادارہ سیاست کے زیر اہتمام بمسیٹ کوچنگ کے شاندار نتائج

10 طالبات کو سرفہرست رینک ‘ داخلوں کیلئے عنقریب کونسلنگ
حیدرآباد۔ 31 ؍ اگسٹ ( سیاست نیوز ) یونانی کورس بی یو ایم ایس میں داخلہ کے لئے ڈاکٹر این ٹی آر یونیورسٹی آف ہیلت سائینس وجئے واڑہ کی جانب سے بمسیٹ کے نتائج کا اعلان کر دیا گیا ۔ یونانی کورس بی یو ایم ایس میں داخلہ کے لئے جملہ 700 طلبا و طالبات نے بمسیٹ امتحان میں شرکت کی جس میں 482 طلبا و طالبات نے رینک حاصل کیا ۔ جن میں لڑکیوں کی تعداد 417 اور لڑکوں کی تعداد 67 ہے ۔ گورنمنٹ نظامیہ طبی کالج حیدرآباد میں جملہ 75 نشستیں اور ڈاکٹر عبدالحق یونانی میڈیکل کالج کرنول میں 50 نشستیں ہیں یہاں یہ کہنا بے محل نہ ہوگا کہ 1996 میں یونانی کورس میں نظامیہ طبی کالج حیدرآباد میں کئی نشستیںاور ڈاکٹر عبدالحق یونانی میڈیکل کالج کرنول میں کئی نشستیں خالی رہ جاتی تھیں ۔ ان تمام باتوں کو پیش نظر رکھتے ہوئے ادارہ سیاست کے ذمہ داران جناب زاہد علی خان ایڈیٹر روزنامہ سیاست ‘ جناب ظہیرالدین علی خان منیجنگ ایڈیٹر روزنامہ سیاست اور جناب عامر علی خان نیوز ایڈیٹر سیاست نے ادارہ سیاست کی طرف سے بمسیٹ کی کوچنگ کا آغاز کیا اور حیدرآباد کے ماہر اساتذہ کی خدمات حاصل کئے ۔ بمسیٹ کی کوچنگ کی وجہ سے نظامیہ کالج حیدرآباد اور ڈاکٹر عبدالحق یونانی میڈیکل کالج کرنول میں پورے کے پورے نشستیں پر ہونے لگی اور غریب طلبا و طالبات کو ادارہ سیاست کی جانب سے داخلہ فیس بھی کئی برسوں تک دی گئی ۔ بمسیٹ 2014-15 کے نتائج میں ادارہ سیاست کی جانب سے چلائے جانے والے کوچنگ کلاس میں 250 طلبا و طالبات نے تین ماہ کوچنگ حاصل کی جن میں حیدرآباد کے ماہر اساتذہ جناب محمد اکبرالدین صدیقی ‘ ڈاکٹر میر اکبر علی ‘ ڈاکٹر کلیم جلیلی نے کوچنگ دی اور 80 فیصد سے زائد طلبا و طالبات نے داخلہ کے لئے اہل قرار دیئے گے ۔ جن میں مہوش رانا بنت جناب میر محمد علی ساجد نے 5 واں رینک حاصل کیا ۔ معراج خاتون بنت جناب عبدالعلیم نے 15 واں رینک ‘ سامیہ النساء بنت جناب محمد شرف الدین نے 19 واں رینک ‘ شہنشاہ صبا بیگم بنت جناب علی یار خان نے 20 واں رینک ‘ ہدی فاطمہ بنت جناب محمد عبدالعزیز نے 25 واں رینک ‘ امۃ العارف بنت جناب میر انورعلی نے 27 واں رینک ‘ مہوین فاطمہ افشان بنت جناب قادر علی خان نے 30 واں رینک ‘بھانوت ودیا بھارتی دختر مسٹر بھانوت منگی لال نے 31 واں رینک ‘ کہکشاں مقصود بنت جناب مقصود السلام نے 32 واں رینک ‘ ـــآفرین بیگم بنت جناب محمد میر عثمان نے 45 واں رینک ‘ اور امینہ بیگم بنت جناب محمد عبداللہ نے 47 واں رینک حاصل کیا ۔ اس کے علاوہ کئی طلبا و طلبات نے مختلف رینک حاصل کیا ۔ تین ماہ کی کوچنگ میں حکیم سید غوث الدین کوآرڈینیٹر کوچنگ کے علاوہ جناب سید خالد محی الدین اسد کنوینر کوچنگ نے تمام کوچنگ کی نگرانی کی ۔ اور طلبا و طالبات کو زیادہ سے زیادہ رینک دلوانے میں بہتر رہنمائی کی۔ جو طلبا و طالبات رینک حاصل کئے ہیں ڈاکٹر این ٹی آر یونیورسٹی کی ویب سائیٹ سے رینک حاصل کرسکتے ہیں ۔ کونسلنگ کی تاریخ مقرر ہوجانے کے بعد ادارہ سیاست کی جانب سے کونسلنگ کی تاریخ مقرر ہوجانے کے بعد ادارہ سیاست کی جانب سے کونسلنگ کے لئے حیدرآباد سے وجئے واڑہ روانہ ہونے کے لئے بس کا بھی انتظام کیا جائیگا ۔