اتحاد کے بغیر انتخاب لڑنے کی تیاری کریں

راہل گاندھی کی بنگال کانگریس کوہدایت

کلکتہ-کانگریس صدر راہل گاندھی نے بنگال کانگریس یونٹ کے لیڈروں سے پارٹی کی تنظیمی قوت کو مضبوط کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگلے لوک سبھا انتخابات میں بغیر اتحاد کے انتخابات لڑنے کی تیاری کریں۔

نئی دہلی میں ریاستی کانگریس کے صدر سومن مترا اور پارٹی امور کے انچارج گورو گگوئی سے ملاقات کے دوران کانگریس صدر راہل گاندھی نے بنگال کانگریس سے متعلق کئی امور پر بات چیت کرتے ہوئے تنظیمی سطح پرپارٹی کو متحد کرنے اورگروپ بندی سے گریز کرنے کی ہدایت دی ہے ۔

میٹنگ کے بعد سومن مترا نے کہا کہ کانگریس صدر نے ہمیں پارٹی کو مضبوط کرنے اور اپنے دم پر لوک سبھا انتخابات میں اترنے کی تیاری کرنے کی ہدایت دی ہے ۔خیال رہے کہ بنگال میں لوک سبھا 42سیٹیں ہیں جس میں سے کانگریس کے پاس 4سیٹیں ہیں۔

سومن مترا کے مطابق کانگریس صدر نے بنگال میں جمہوریت اور سیکولرازم کو بچانے کے ساتھ مرکزی حکومت اور ریاستی حکومت کے خلاف تحریک چلانے کی ہدایت دی ہے ۔ذرائع کے مطابق سومن مترا نے راہل گاندھی کو ممتا بنرجی کے طرز حکومت اور کانگریس کے تئیں ان کے جارحانہ رویہ سے آگاہ کرتے ہوئے ریاست میں بی جے پی کے بڑھتے ہوئے اثرات سے آگاہ کیا۔

ریاستی کانگریس نے فروری میں ایک بڑی عوامی ریلی کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔سینئر کانگریسی لیڈر نے بتایا کہ راہل گاندھی کوبتایا گیا ہے کہ تین ہندی ریاستوں میں کانگریس کی شاندار کامیابی کو کس طریقے سے ممتا بنرجی انڈر لائن کرنے کی کوشش کررہی ہے اور اس کا سہرا راہل گاندھی کو دینے کو تیار نہیں ہے ۔

ریاستی کانگریس نے پارٹی قومی راہل گاندھی کے سامنے یہ تجویز بھی رکھی ہے کہ اگلے سال 19جنوری کو ہونے والی ترنمول کانگریس کی مجوزہ ریلی میں کانگریس صدر راہل گاندھی اور سونیا گاندھی اس میں شریک نہ ہوں۔کیوں کہ اس سے ریاست میں کانگریسی ورکروں کے حوصلے پست ہوں گے ۔

خیال رہے کہ ترنمول کانگریس نے 19جنوری کو کلکتہ کے بریگیڈ میدان میں تمام اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ ریلی کرنے کا اعلان کررکھا ہے ۔

اس ریلی میں کانگریس کو بھی شرکت کی دعوت دی گئی ہے ۔مدھیہ پردیش، راجستھان اور چھتس گڑھ میں شاندار جیت کے بعد ریاستی کانگریس کے حوصلے بلند ہیں۔

کانگریسی لیڈروں کو شکایت ہے کہ ممتا بنرجی ان تین ریاستوں میں کانگریس کی جیت کا سہرا راہل گاندھی کو دینے کو تیار نہیں ہیں۔کانگریس لیڈروں کا کہنا ہے کہ ممتا بنرجی گہری نیند میں سورہی ہیں اور وزیر اعظم بننے کا خواب دیکھ رہی ہیں مگر یہ خواب کبھی بھی پورا نہیں ہوگا۔