اتحادی طیاروں کی بمباری، 40 حوثی ہلاک

دبئی۔30مئی ۔(سیاست ڈاٹ کام) یمن کے شہرعدن کے بین الاقوامی ہوائی اڈے کے قریب حوثی باغیوں کے ٹھکانوں پر سعودی عرب کی قیادت میں اتحادی ممالک کے طیاروں نے بمباری کی جس کے نتیجے میں کم سے کم چالیس حوثی جنگجو ہلاک ہوگئے ۔ ’العربیہ ‘ کے مطابق عدن کے گورنر نے اتحادی ممالک کے طیاروں کی بمباری سے چالیس حوثی باغیوں کی ہلاکت، کئی گاڑیوں اور چیک پوسٹوں کو تباہ کئے جانے کی تصدیق کی ہے۔ادھر عدن میں جدید اسلحہ ملنے کے بعد مزاحمتی گروپوں نے باغیوں کے خلاف اہم پیش قدمی کی ہے۔ یمنی سکیورٹی ذرائع کے مطابق خور مکسر ہوائی اڈے کے قریب مزاحتمی کارکنوں اور منحرف سابق صدر علی عبداللہ صالح کے وفاداروں کے درمیان لڑائی میں 15 باغی ہلاک ہوئے ہیں۔صعدہ گورنری میں مقامی شہریوں کا کہنا ہے کہ گذشتہ شب اتحادی طیاروں نے حوثیوں کے ٹھکانوں پر بھرپور فضائی حملے جاری رکھے ہیں جن میں دشمن کو بھاری جانی اور مالی نقصان سے دوچار کیا گیا ہے۔ صنعاء میں بھی ایک فوجی اڈے کو اتحادی طیاروں نے نشانہ بنایا۔ اس کے علاوہ تلہ فج عطان کے مقام پر باغیوں کے اسلحے ایک بڑے ذخیرے کو تباہ کر دیا گیا ہے۔درایں اثناء انسانی حقوق کی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل کی جانب سے جاری ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ دارالحکومت صنعاء میں حوثی باغیوں نے دبابہ شکن توپوں کے ساتھ شلباری کی ہے ۔