آندھرا کے عازمین کے مصارف حج کی ادائیگی

دوسری قسط 19 جون تک جمع کروانے کی ہدایت
حیدرآباد۔ یکم جون (سیاست نیوز) آندھراپردیش حج کمیٹی نے عازمین حج کو اطلاع دی ہے کہ حج 2017 کے عازمین کیلئے دوسری قسط جمع کرنے کی تاریخ کا اعلان کیا جاچکا ہے۔ گرین زمرے کیلئے مجموعی مصارف 2,35,150 روپئے جبکہ عزیزیہ زمرے کیلئے 2,01,800 روپئے مقرر کئے گئے ہیں۔ منتخب عازمین نے پہلے مرحلہ میں 81 ہزار روپئے جمع کراچکے ہیں۔ اس طرح اب 19 جون سے قبل دوسرے مرحلہ میں باقی مکمل رقم جمع کرانی ہوگی۔ گرین کیٹگیری کے عازمین کو 1,54,150 روپئے جمع کرانے ہیں ۔ عزیزیہ زمرے کے عازمین 1,20,800 روپئے جمع کرائیں۔ ایگزیکٹیو آفیسر آندھراپردیش حج کمیٹی ایم ڈی لیاقت علی نے بتایا کہ اسلامک ڈیولپمنٹ بینک کے ذریعہ قربانی دینے کے خواہشمند عازمین کو مزید 8 ہزار روپئے جمع کرانے ہوں گے۔ اسٹیٹ بینک آف انڈیا یا یونین بینک آف انڈیا کے ذریعہ سنٹرل حج کمیٹی کے اکائونٹ میں دوسرے مرحلہ کی رقم جمع کی جائے۔ انہوں نے بتایا کہ حیدرآباد انباریگیشن پوائنٹ سے روانہ ہونے والی عازمین کو اضافی رقم کی ادائیگی سے مستثنی قراردیا گیا ہے۔ جبکہ بنگلور سے روانہ ہونے والے عازمین کو 1500 روپئے زائد ادا کرنے ہوں گے۔ شیعہ عازمین جن کی میقاد جحفہ ہے انہیں زائد رقم 1739 روپئے جمع کرانے ہونگے۔ آندھراپردیش کے عازمین حج جاریہ سال حیدرآباد سے ہی روانہ ہونگے اور ان کیلئے حج کیمپ حج ہائوز نامپلی میں منعقد کیا جائے گا۔ تلنگانہ اور آندھراپردیش حج کمیٹیاں باہمی یادداشت مفاہمت کے ذریعہ حج کیمپ کے انتظامات کریں گے۔ آندھراپردیش حکومت نے مرکز سے خواہش کی تھی کہ جاریہ سال حج پروازوں کا وجئے واڑہ سے آغاز کیا جائے تاہم مرکزی حکومت نے اس سلسلہ میں آئندہ سال غور کرنے کا تیقن دیا۔