آندھرامیں ہاوزنگ فار آل اسکیم پر عمل آوری کیلئے کمیٹیوں کی تشکیل

حیدرآباد 30 اکٹوبر ( این ایس ایس ) مرکزی حکومت نے سبھی کو ہاوزنگ فراہم کرنے ہاوزنگ مشن / پردھان منتری آواس یوجنا کا آغاز کیا ہے تاکہ معاشی پسماندہ طبقات اور کم آمدنی والے گروپس کو سہولت ہوسکے ۔ ہاوزنگ فار آل مشن شہری علاقوں کیلئے ہے اور اس پر 2015 – 2022 کے درمیان عمل آوری کی جائیگی ۔ مرکزی حکومت کی تجویز کے مطابق حکومت آندھرا پردیش نے ریاستی سطح کی الاٹمنٹ اور نگرانی کرنے والی کمیٹی ‘ ریاستی سطح کے فنی امور کے سیل اور سٹی سطح کے ٹکنیکل سیل تشکیل دئے ہیں تاکہ اس اسکیم کو کامیاب بنایا جاسکے ۔ چیف سکریٹری آندھرا پردیش آئی وی آر کرشنا راؤ نے آج یہ بات بتائی ۔ آج ریاستی سطح کی الاٹمنٹ و نگران کار کمیٹی کا پہلا اجلاس چیف سکریٹری کی صدارت میں منعقد ہوا تھا جس میںریاست میں اس اسکیم کی مختلف مراحل میں عمل آوری کا جائزہ لیا گیا ۔ اس اسکیم کیلئے اے پی اسٹیٹ ہاوزنگ کارپوریشن کو نوڈل ایجنسی مقرر کیا گیا ہے ۔ حکومت ہند کی جانب سے 1,35,000 مکانات کی 33 شہری مجالس مقامی میں تعمیر کیلئے 2025 کروڑ روپئے مختص کئے گئے ہیں ۔