آفریدی کی تیز رفتار نصف سنچری رائیگاں‘نیوزی لینڈ فاتح

ویلنگٹن۔31جنوری(سیاست ڈاٹ کام)نیوزی لینڈ نے پاکستان کے خلاف پہلے ونڈے میں سات وکٹوں سے کامیابی حاصل کر تے ہوئے دو مقابلوں کی سیریز میں 1-0کی برتری حاصل کر لی ہے۔پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے میزبان ٹیم کو کامیابی کے لئے211 رنز کا نشانہ دیا جو اس نے باآسانی 40ویں اوور میں تین وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔نیوزی لینڈ کی کامیابی میں راس ٹیلر(59) اور گرانٹ ایلیئٹ(69 ) نے نصف سنچریاں اسکور کیں۔اس جوڑی نے چوتھی وکٹ کے لیے 112 رنز کی شراکت قائم کی۔جوابی اننگز میں نیوزی لینڈ نے جارحانہ انداز اپنایا ۔نیوزی لینڈ کے آؤٹ ہونے والے پہلے بیٹسمین برنڈن مکالم تھے جو 17 رنز کی مختصر مگر جارحانہ اننگز کھیل کر بلاول بھٹی کی وکٹ دی۔ٹام لیتھم اور مارٹن گپٹل نے دوسری وکٹ کے لئے 44 رنز جوڑے جسے آفریدی نے لیتھم کو سرفراز کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرواتے ہوئے توڑا۔

پاکستان کو تیسری کامیابی محمد عرفان نے گپٹل کو آؤٹ کر کے دلوائی جنھوں نے 39 رنز بنائے۔اس کے بعد پاکستانی بولر مزید کوئی وکٹ نہ لے سکے اور میچ 39.3 اوور میں نیوزی لینڈ کی کامیابی پر ختم ہوا۔ قبل ازیں شاہد آفریدی اور مصباح الحق کی نصف سنچریوں کی بدولت پاکستانی ٹیم 46 ویں اوور میں 210 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی۔ میچ میں نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تو آغاز سے ہی پاکستانی ٹیم مشکلات کا شکار رہی۔ابتدا میں وکٹیں گرنے کے بعد پاکستان کی رنز بنانے کی رفتار سست رہی اور اس نے 100 رنز 29 اوورز میں مکمل کئے۔حارث سہیل اور مصباح کی 49 رنز کی اہم شراکت نے ٹیم کو کچھ سہارا دیا اور پھر بعد میں آفریدی نے مصباح کے ساتھ مل کر 6 اوور میں 71 رنز کی شراکت قائم کی جس کا خاتمہ مصباح کے 58 رنز بنا کر آؤٹ ہونے پر ہوا۔شاہد آفریدی نے اس میچ میں ایک مشکل وقت میں ذمہ دارانہ اننگز کھیلی اور اپنے روایتی انداز میں نصف سنچری بنائی۔آفریدی نے اپنے 50 رنز صرف 22 گیندوں میں بنائے جس میں سات چوکے اور تین چھکے شامل تھے۔وہ 29 گیندوں پر 67 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے۔