آسٹریلیائی تاجرین سرمایہ کاری کے ذریعہ ’میک اِن انڈیا‘ کا حصہ بنیں : جیٹلی

سڈنی۔ 30 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) وزیر مالیات ہند ارون جیٹلی نے آج آسٹریلیائی تاجرین کو ہندوستان میں سرمایہ کاری کیلئے راغب کرتے ہوئے ’’میک اِن انڈیا‘‘ کا حصہ بننے پر زور دیا اور کہا کہ ریلویز، دفاع اور مینوفیکچرنگ ایسے شعبہ جات ہیں جہاں بیرونی سرمایہ کاری کے ذریعہ منافع کے مواقع موجود ہیں اور ساتھ ہی ساتھ وہاں آزادانہ طور پر ایف ڈی آئی معمولات کا استعمال بھی کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہندوستان انتہائی کم داموں میں خدمات فراہم کرنے والا ملک تو بن سکتا ہے لیکن اسے کم داموں والے مینوفیکچرنگ میں تبدیل کرنے سے قاصر ہے تاہم اب مینوفیکچرنگ کے مواقع بھی پیدا ہوگئے ہیں۔ میک اِن انڈیا کانفرنس کی لانچنگ کے دوسرے روز جیٹلی نے جو آسٹریلیا کے چار روزہ دورہ پر ہیں، آسٹریلیائی تاجرین سے خواہش کی کہ وہ سرمایہ کاری کے ذریعہ ہندوستانی معیشت کے فروغ کا حصہ بھی بن سکتے ہیں۔