آر ایس ایس ہیڈ کوارٹر میں ہوسکتا ہے عید ملن پروگرام

نئی دہلی : ہندوستان میں مسلم دشمنی کا ایجنڈہ رکھنے والی آر ایس ایس نے ناگپور کے اپنے ہیڈ کوارٹر میں اب عید ملن پروگرام کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ذرائع کے حوالہ سے کہا کہ آر ایس ایس نے اگر چہ اس مرتبہ ناگپور کے ہیڈ کوارٹر میں افطار پارٹی منعقد کرنے کی اجازت نہیں دی ۔

تاہم اگست کے مہینے میں آر ایس ایس عید ملن پروگرام کرسکتی ہے ۔قابل ذکر ہے کہ آر ایس ایس کی تنظیم ’مسلم راشٹریہ منچ ‘ نے ناگپور کے ریشمی باغ میں واقع آر ایس ایس کے ہیڈ کوارٹرس میں افطار پارٹی منعقد کرنے کی اجازت طلب کی تھی تاہم اسے اجازت نہیں دی گئی ۔

میڈیا کے مطابق ناگپور کے ہیڈ کوارٹر میں افطار پارٹی کی اجازت نہیں ملنے سے مسلم راشٹریہ منچ کے کارکنان کافی ناراض ہیں ۔کارکنان نے خود اپنی مادر تنظیم آر ایس ایس پر اس معاملہ میں سوتیلے سلوک کا الزام عائد کیا ہے ۔

مسلم راشٹریہ منچ کے ریاستی سربراہ محمد فاروق نے کہا کہ ہم نے سمرتی مندر میں افطار پارٹی کی درخواست کی تھی او رویج کھانوں کی یقین دہائی کرائی تھی اس کے باوجود تنظیم کے اعلی عہدیداروں نے اس سے انکار کردیا ۔

محمد فاروق نے سخت ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ آر ایس ایس کے چند اعلی عہدیدار نے عید ملن پروگرام منعقد کرنے کی درخواست بھی رد کردی ہے ۔دریں اثناء خبر ہے کہ آر ایس ایس اپنے مسلم منچ کے لیڈروں کو منانے کی کوشش کررہی ہے ۔