آج تنخواہوں کا دن، اے ٹی ایمس میں رقم نہیں، عوام بے چین

نئی دہلی ۔ 30 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) کل تنخواہ کا دن ہے جبکہ بینکوں کو نقد رقم کی قلت کا بڑے کرنسی نوٹوں کی تنسیخ کی وجہ سے سامنا ہے۔ کئی اے ٹی ایمس بھی نقد رقم نہ ہونے کی وجہ سے بند ہیں۔ عوام کی بے چینی میں اضافہ ہوتا جارہا ہے۔ ریزرو سے خواہش کی گئی ہیکہ کافی مقدار میں نئے 500 کے نوٹس بینکوں اور اے ٹی ایمس پر فراہم کرنے کو یقینی بنایا جائے۔ بینکوں کی تمام شاخوں پر اور اے ٹی ایمس پر آئندہ ایک ہفتہ تک عوام کے زبردست ہجوم کا امکان ہے کیونکہ ان کے گھر کے اخراجات تنخواہ کی رقم پر ہی منحصر ہوتے ہیں۔

 

بینکوں کیلئے ضروری نقد رقم کی حد میں اضافہ
رقم حاصل کرنے کی حد پر عدالت کا فیصلہ محفوظ ،ضروری نقد رقم کی فراہمی کا یونینوں کا مطالبہ
ممبئی ۔ 30 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) ریزرو بینک نے آج بینکوں کو اجازت دی کہ اب منسوخ شدہ 500 اور 1000 روپئے کے نوٹ اپنی نقد رقم کے ذخیرہ میں شامل کریں۔ اس اقدام سے امکان ہیکہ بینکوں کو راحت حاصل ہوگی۔ آر بی آئی فبروری کے نصف آخر میں اپنے فیصلہ پر نظرثانی کرے گی۔ تجزیہ کے بموجب اس اقدام سے بینکوں کو آر بی آئی کے گذشتہ ہفتہ معلنہ سی پی آر میں تیز رفتار اضافہ میں مدد ملے گی۔ ایک حیرت انگیز اقدام کرتے ہوئے 26 نومبر کو آر بی آئی نے کیش ریزرو ریشو (سی پی آر) کو بینکوں کے جملہ ڈپازٹ کا 100 فیصد کردیا۔ دریں اثناء دہلی ہائیکورٹ نے روزانہ رقم حاصل کرنے کی حد کے خلاف داخل کردہ سابقہ درخواست کے مسترد کردینے کے اپنے فیصلہ پر جو 2 ڈسمبر کو کیا گیا تھا، نظرثانی کی اور نوٹوں کی تنسیخ کے فیصلہ پر حکم التواء جاری کرتے ہوئے اپنا فیصلہ محفوظ کردیا چونکہ بینک عملہ کو اعلیٰ مالیتی کرنسی نوٹس کی وجہ سے عوامی برہمی کا سامنا کررہا ہے۔ ریزرو بینک نے ضروری مقدار میں رقم بینکو ںکو فراہم کرنے کی حد میں اضافہ کردیا ہے۔ افواہیں ہیکہ بینکنگ نظام میں بعض شاخیں نقد رقم کی ذخیرہ اندوزی کررہی ہے اور صارفین کو جو نقد رقم حاصل ہورہی ہے وہ مقررہ معیار کے مطابق نہیں ہے۔ تنخواہ کے دن بینکوں پر زبردست ہجوم ہونے کا اندیشہ ہے جبکہ اے ٹی ایمس کی اکثریت نقد رقم کے اعتبار سے خشک ہیں۔