آئندہ ماہ ژی ۔ ٹرمپ ملاقات متوقع ‘ تجارتی کشیدگی میں کمی کا امکان

بیجنگ 13 اکٹوبر ( سیاست ڈاٹ کام ) چین اور امریکہ کی جانب سے آئندہ ماہ دونوں ممالک کے صدور ژی جن پنگ اور ڈونالڈ ٹرمپ کے مابین ملاقات کے امکانات کا جائزہ لیا جا رہا ہے جس سے یہ امیدیں پیدا ہوگئی ہیں کہ دونوں ملکوں کے مابین تجارتی جنگ میں کشیدگی کو کم کیا جائیگا ۔ دونوں ممالک کے مابین حالیہ عرصہ میں تجارتی جنگ نے شدت اختیار کرلی تھی اور انہوں نے ایک دوسرے پر اضافی شرحیں عائد کردی تھیں جس کے نتیجہ میں جاریہ ہفتے معاشی مارکٹس میں اتار چڑھاو دیکھنے کو ملا ہے ۔ اضافی شرحوں کے نتیجہ میں دونوں ملکوں کے مابین کمپنیوں کیلئے اخراجات میں اضافہ ہوگیا ہے اور ماہرین معاشیات کا کہنا ہے کہ اگر یہ شرحیں غیر معینہ مدت کیلئے یونہی برقرار رہتی ہیں تو پھر بحران کا شکار معاشی ترقی مزید متاثر ہوجائیگی ۔ اگر ژی ۔ ٹرمپ ملاقات ہوتی ہے تو یہ گروپ 20 قائدین کی کانفرنس کے دوران ہوگی جو آئندہ مہینے ارجنٹینا میں منعقد ہونے والی ہے ۔ امریکی ٹریژری سکریٹری اسٹیون نوچن نے آج میڈیا کو بتایا کہ وہ نہیں سمجھتے کہ اس سلسلہ میں کوئی فیصلہ کیا جاچکا ہے ۔ تاہم مسٹر ٹرمپ کے معاشی مشیر لاری کڈلو نے واشنگٹن میں کل کہا تھا کہ اس بات چیت کیلئے تیاریاں کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسا لگتا ہے کہ بوئنس آئرس میں جی 20 کے دوران دونوں قائدین کی ملاقات ہوگی ۔ ہم اس کا جائزہ لے رہے ہیں اور چین کے رد عمل کے منتظر ہیں۔ اس کی تیاریاں کی جا رہی ہیں ۔ وہ صدفیصد یقین سے کچھ نہیں کہہ سکتے لیکن اس کو یکسر مسترد بھی نہیں کیا جاسکتا ۔ اس دوران چین کی وزارت خارجہ کے ایک ترجمان نے اس تعلق سے کچھ بھی کہنے سے گریز کیا ۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کی اطلاعات کا انہوں نے بھی مشاہدہ کیا ہے ۔ وال اسٹریٹ جرنل اور واشنگٹن پوسٹ نے عہدیداروں کا یہ کہتے ہوئے حوالہ دیا ہے کہ ڈونالڈ ٹرمپ ژی جن پنگ کے ساتھ ملاقات کیلئے تیار ہوگئے ہیں۔